ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک اینڈ اینیمل ہسبنڈری لاڑکانہ کا گوشال کیٹل فارم کا دورہ

ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک اینڈ اینیمل ہسبنڈری لاڑکانہ ڈاکٹر منصور علی جونیجو نے گوشال کیٹل فارم لاڑکانہ کا خود فیلڈ دورہ کیا، جہاں ہندو برادری کی جانب سے چلائے جانے والے فارم میں جانوروں کی صحت، دیکھ بھال، صفائی اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

لاڑکانہ۔ 08 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک اینڈ اینیمل ہسبنڈری لاڑکانہ ڈاکٹر منصور علی جونیجو نے گوشال کیٹل فارم لاڑکانہ کا خود فیلڈ دورہ کیا، جہاں ہندو برادری کی جانب سے چلائے جانے والے فارم میں جانوروں کی صحت، دیکھ بھال، صفائی اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔فیلڈ وزٹ کے دوران ٹیکنیکل آفیسر ڈاکٹر نبی بخش بھٹو، ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر سعید میرانی اور ایس اے ٹیم بھی ان کے ہمراہ تھی۔ ڈاکٹر منصور علی جونیجو نے فارم کے منتظمین سنیل کمار اور گھنشام داس سے ملاقات کی۔ اس موقع پر بیمار جانوروں کا معائنہ کرکے انہیں علاج فراہم کیا گیا جبکہ فارم کے خالی حصے میں جانوروں کو چیچڑوں سے محفوظ رکھنے کے لیے اینٹی ٹک اسپرے بھی کیا گیا۔ڈاکٹر منصور علی جونیجو نے فارم انتظامیہ اور عملے کو جانوروں کی بہتر دیکھ بھال، صفائی اور بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔ جانوروں کی باقاعدہ نگرانی کے لیے ایک ویٹرنری آفیسر کو مستقل بنیادوں پر فارم کا دورہ کرنے کی ذمہ داری بھی سونپی گئی۔

فارم انتظامیہ نے محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے جاری ایس او پیز پر عملدرآمد اور جانوروں کی باقاعدہ دیکھ بھال کی یقین دہانی کرائی۔بعد ازاں ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک اینڈ اینیمل ہسبنڈری لاڑکانہ ڈاکٹر منصور علی جونیجو کی زیر صدارت ماہانہ پروگریس ریویو اجلاس منعقد ہوا، جس میں ماہانہ ویکسینیشن کی پیش رفت، ای ڈی آر اور دیگر رپورٹس، او پی ڈی کا کام، عملے کی حاضری و پابندی وقت، فیلڈ سرگرمیوں، روزانہ رپورٹس، ریکارڈ کی دیکھ بھال، کارکردگی چارٹس، اے سی آرز اور دیگر دفتری امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ڈاکٹر منصور علی جونیجو نے ویٹرنری افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے جانوروں کی صحت و بہبود کے لیے باقاعدہ دورے یقینی بنائے جائیں، رپورٹس بروقت جمع کرائی جائیں اور تمام سرکاری ریکارڈ کو باقاعدگی سے مکمل اور محفوظ رکھا جائے۔

ڈاکٹر منصور علی جونیجو نے کہا کہ مویشیوں کی صحت، بروقت علاج اور بہتر نگہداشت محکمہ لائیو اسٹاک کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔فیلڈ سرگرمیوں اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنا کر جانوروں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں