ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد کی زیر صدارت اجلاس، 6 لاکھ 55 ہزار بیگ گندم خریداری کا ہدف مقرر

حیدرآباد۔ 31 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی کی زیر صدارت گندم خریداری مہم 2026 کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس کے دربار ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں گندم خریداری کے عمل، مراکز کے قیام، شفافیت اور کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ سندھ …

حیدرآباد۔ 31 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی کی زیر صدارت گندم خریداری مہم 2026 کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس کے دربار ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں گندم خریداری کے عمل، مراکز کے قیام، شفافیت اور کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ سندھ حکومت کی خصوصی ہدایت کے تحت سندھ ویٹ گرورز سپورٹ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ آبادگاروں سے گندم کی خریداری کو یقینی بنایا جائے تاکہ کاشتکاروں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی پالیسی کے مطابق گندم کی خریداری کا عمل یکم اپریل سے شروع کیا جا رہا ہے اور اس ضمن میں تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ خوراک، ریونیو اور زرعی افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں خریداری مراکز کو فعال کریں، وزن کے نظام، ذخیرہ کے انتظامات کو یقینی بنائیں اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کریں۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ گندم خریداری کے عمل کو شفاف بنایا جائے تاکہ براہ راست کاشتکاروں کو فائدہ پہنچ سکے اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کو ہدایت کی کہ آبادگاروں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے اس ضمن میں کسی بھی قسم کی شکایات ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ڈپٹی کمشنر نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے تحصیل کے فوڈ انسپکٹرز کے ساتھ اجلاس منعقد کریں۔ اجلاس کو آگاہی دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر شہید بینظیرآباد فقیر نزاکت علی ہیسبانی نے بتایا کہ سندھ حکومت کی ہدایات پر ضلع شہید بینظیرآباد میں ایک سے 25 ایکڑ تک ویٹ سبسڈی حاصل کرنے والے رجسٹرڈ آبادگاروں سے گندم کی خریداری کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ضلع کے چاروں تحصیلوں میں خریداری مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فی ایکڑ پر 5 گندم بیگ کے حساب سے گندم خرید کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع شہید بینظیرآباد میں اس سال گندم کی خریداری کے لیے 6 لاکھ 55 ہزار 5 سو بیگز کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کی قیمت فی 100 کلو 8750 روپے مقرر کی گئی ہے ۔ محکمہ زراعت کے افسران نے بتایا کہ ضلع شہید بینظیرآباد میں ویٹ سبسڈی پروگرام میں 22 ہزار 732 آبادگار رجسٹرڈ ہوئے ہیں جن میں سے 20 ہزار آبادگاروں کو ہاری کارڈ جاری کئے گئے ہیں۔

اجلاس میں تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، زراعت، انفارمیشن اور محکمہ خوراک کے افسران نے شرکت کی۔

 

مزید خبریں