ڈینگی کے خلاف بروقت اقدامات کے باعث رواں سال صورتحال گزشتہ سال کی نسبت نمایاں طور پر بہتر رہی،بیرسٹر دانیال چوہدری

ڈینگی کے خلاف بروقت اقدامات کے باعث رواں سال صورتحال گزشتہ سال کی نسبت نمایاں طور پر بہتر رہی،بیرسٹر دانیال چوہدری

راولپنڈی ۔8اکتوبر (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں ڈینگی کے خلاف موثر اور بروقت اقدامات کے باعث رواں سال صورتحال گزشتہ سال کی نسبت نمایاں طور پر بہتر رہی، انسداد ڈینگی کے لیے فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈینگی کے خلاف اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی اینڈ ریسپانس کمیٹی برائے انسدادِ ڈینگی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری، سینیٹر ناصر بٹ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ، اراکینِ صوبائی اسمبلی اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع راولپنڈی میں انسداد ڈینگی اقدامات، ویکٹر سرویلنس، لاروا کیسز، فیلڈ رسپانس، فوگنگ، صفائی ستھرائی اور عوامی آگاہی کی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر بیرسٹر دانیال چوہدری نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے فیلڈ میں مؤثر اقدامات اور بروقت رسپانس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں تاہم ڈینگی کے مکمل تدارک کے لیے احتیاطی اقدامات میں کسی قسم کی غفلت کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ مقامات کی فوری نشاندہی کریں۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ہدایت کی کہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ محکمے مربوط انداز میں کام جاری رکھیں اور ہاٹ سپاٹس پر خصوصی توجہ دی جائے۔ رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو مزید موثر بنانے اور عوامی آگاہی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔