ڈی آئی جی اسلام آباد کا ناکہ زیرو پوائنٹ، تھانہ آبپارہ اور تھانہ کوہسار کا دورہ

ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے زیرو پوائنٹ ناکہ ، تھانہ آبپارہ اور تھانہ کوہسار کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات، پولیسنگ کے امور اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے زیرو پوائنٹ ناکہ ، تھانہ آبپارہ اور تھانہ کوہسار کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات، پولیسنگ کے امور اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ڈی آئی جی اسلام آباد نے ناکہ زیرو پوائنٹ پر سکیورٹی انتظامات اور چیکنگ کے عمل کا معائنہ کیا اور ڈیوٹی پر مامور افسران کو الرٹ رہنے جبکہ مشکوک افراد اور گاڑیوں کی مؤثر چیکنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے تھانہ آبپارہ اور تھانہ کوہسار میں فرنٹ ڈیسک، ریکارڈ روم، حوالات، مسجد اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا جبکہ تھانوں کی صفائی ستھرائی، میس میں کھانے کے معیار اور پولیس اہلکاروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ڈی آئی جی اسلام آباد نے تھانوں میں موجود سائلین سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو بروقت دادرسی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ریکارڈ کی بروقت تکمیل، زیرِ تفتیش مقدمات کی جلد یکسوئی اور اشتہاری و سابقہ ریکارڈ یافتہ مجرمان کے خلاف مؤثر کارروائی کی ہدایت بھی کی۔اس موقع پر ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے کہا کہ متحرک جرائم پیشہ گینگز کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں، مقدمات کی تفتیش میں میرٹ، شفافیت اور غیر جانبداری کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے دفاتر میں شہریوں کے مسائل سننے کے لیے باقاعدہ اوقات مقرر کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اختیارات سے تجاوز اور اختیارات کے ناجائز استعمال کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ڈی آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، مؤثر پولیسنگ اور عوامی دادرسی کو یقینی بنانا اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔