ڈی جی آئی ایس پی آر کی فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی آمد، طالبات اور فیکلٹی ممبران کے ساتھ خصوصی نشست، قومی امور اور ڈیجیٹل چیلنجز پر کھل کر تبادلہ خیال کیا

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے طالبات اور فیکلٹی ممبران کے ساتھ ایک تفصیلی اور خصوصی انٹرایکٹو نشست میں شرکت کی

راولپنڈی۔1اکتوبر (اے پی پی):پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے طالبات اور فیکلٹی ممبران کے ساتھ ایک تفصیلی اور خصوصی انٹرایکٹو نشست میں شرکت کی۔اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے قومی سلامتی، ڈیجیٹل میڈیا کے ابھرتے ہوئے چیلنجز اور موجودہ ملکی صورتحال کے حوالے سے طالبات کے سوالات کے مدلل اور مفصل جوابات دیے۔براہِ راست سوال و جواب کے اس سیشن نے شرکا کو قومی امور اور دفاعی حکمتِ عملی سے متعلق زمینی حقائق جاننے کا بھرپور موقع فراہم کیا جس سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے متعدد ابہام، شکوک و شبہات اور غلط فہمیاں دور ہوئیں۔ نشست کے دوران فیکٹ چیکنگ، بیانیہ سازی اور جدید دور کے تقاضوں پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔اس موقع پر فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کا مقصد محض ڈگریوں کے حصول یا نصابی کتابوں تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ طالبات کی ہمہ جہت تربیت اور انہیں زمینی حقائق و معروضی سچائیوں سے آگاہ کرنا ناگزیر ہے اور آج کے سیشن نے یقیناً یہ اہم کردار ادا کیا ہے۔یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران سارہ اختر ہاشمی، ڈاکٹر محمد علی اور ثمید رضوان نے اکیڈیمیا اور قومی اداروں کے مابین اس طرح کے براہِ راست روابط کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں من گھڑت، بدنیتی پر مبنی اور گمراہ کن معلومات کا مؤثر سدباب کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ معروضی حقائق کھل کر سامنے آ سکیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سوشل میڈیا کی غیر مصدقہ خبروں پر انحصار کرنے کے بجائے نئی نسل کو فیکٹ چیکنگ کے اصول اپنانے چاہییں۔نشست کے اختتام پر حاجرہ سلیم، وردہ احمد، ملائکہ قدیر اور آمنہ ندیم سمیت دیگر طالبات نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نہ صرف جغرافیائی سرحدوں بلکہ ڈیجیٹل دور میں غلط معلومات کے خلاف محاذ پر بھی قوم کا مؤثر دفاع کر رہی ہیں۔ طالبات کا کہنا تھا کہ جدید دور اور بالخصوص مصنوعی ذہانت کے ذریعے پھیلائے جانے والے گمراہ کن مواد سے بچنے کے لیے معلومات کی تصدیق مستند ذرائع سے کرنا لازمی ہے۔ طالبات اور اساتذہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی آمد اور تفصیلی گفتگو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے قومی اداروں کے ساتھ ایسی فکری و معلوماتی نشستوں کے تسلسل کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔

مزید خبریں