ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی کا آتے ہی کریک ڈائون تیز، راولپنڈی میں خاتون کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار

نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل سید علی ناصر رضوی کے چارج سنبھالتے ہی ملک بھر میں سائبر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے

راولپنڈی ۔2اکتوبر (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل سید علی ناصر رضوی کے چارج سنبھالتے ہی ملک بھر میں سائبر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت شہریوں کو فوری ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کے سلسلے میں راولپنڈی سرکل نے ایک خاتون کو ہراساں کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ترجمان نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کے مطابق ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی کے وژن کے مطابق شہریوں بالخصوص خواتین کے تحفظ کے لیے فوری قانونی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔

راولپنڈی سرکل میں ایک خاتون کی جانب سے سائبر ہراسمنٹ کی درخواست موصول ہوتے ہی فوری ایکشن لیا گیا اور جدید تکنیکی ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے ہراساں کرنے والے ملزم کو گرفتار کر کے قانون کی گرفت میں لایا گیا۔ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ سائبر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی اور عوام کے حقوق و عزت کے تحفظ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ ایجنسی جدید خطوط پر استوار ہو کر سائبر سپیس کو محفوظ بنانے کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے۔

 

مزید خبریں