ڈی جی این سی سی آئی اے کی زیر صدارت اہم جائزہ اجلاس ، سائبر جرائم کے خلاف مؤثر کارروائی اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل سید علی ناصر رضوی نے تفتیشی عمل کو ٹھوس شواہد کی بنیاد پر استوار کرنے، عوامی شکایات پر فوری کارروائی اور سائبر جرائم کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کی سخت ہدایات جاری کی ہیں۔یہ ہدایات انہوں نے پیر کے روز ڈائریکٹر آپریشنز عرفان اللہ خان اور ایڈیشنل ڈائریکٹر اسلام آباد محمد شعیب خان کے …

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل سید علی ناصر رضوی نے تفتیشی عمل کو ٹھوس شواہد کی بنیاد پر استوار کرنے، عوامی شکایات پر فوری کارروائی اور سائبر جرائم کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کی سخت ہدایات جاری کی ہیں۔یہ ہدایات انہوں نے پیر کے روز ڈائریکٹر آپریشنز عرفان اللہ خان اور ایڈیشنل ڈائریکٹر اسلام آباد محمد شعیب خان کے ہمراہ منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔

اجلاس میں سائبر کرائمز کے خلاف جاری آپریشنل سرگرمیوں، زیر تفتیش مقدمات کی پیشرفت اور ملزمان کے خلاف جاری قانونی چارہ جوئی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے افسران کو ہدایت کی کہ سائبر جرائم کے تدارک کے لئے آپریشنل حکمت عملی کو مزید جامع اور مؤثر بنایا جائے تاکہ ڈیجیٹل فراڈ، ہراسانی اور دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ تفتیش کا معیار جدید خطوط اور ٹھوس فرانزک شواہد پر مبنی ہونا چاہئے تاکہ عدالتوں میں ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جا سکے۔سید علی ناصر رضوی نے پیشہ وارانہ کارکردگی، باہمی رابطوں اور شفافیت کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو درپیش مسائل کا بروقت حل ایجنسی کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے اندراج اور ان پر فوری ایکشن کے میکانزم کو مزید متحرک کیا جائے تاکہ عام شہریوں کو فوری ریلیف فراہم ہو سکے۔