کارساز سانحہ جمہوری قوتوں کو خوفزدہ کرنے کی سازش تھا، سینیٹر سلیم مانڈوی والا

کارساز سانحہ جمہوری قوتوں کو خوفزدہ کرنے کی سازش تھا، سینیٹر سلیم مانڈوی والا

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے سانحۂ کارساز کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18 اکتوبر 2007 پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے،سانحۂ کارساز میں جمہوریت کے لیے قربانیاں دینے والے جیالوں کی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

پی پی پی میڈیا سیل سے جاری بیان میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے استقبالی جلوس پر دہشت گرد حملہ جمہوری قوتوں کو خوفزدہ کرنے کی سازش تھا۔

انہوں نے کہا کہ کارساز کے شہدا کی قربانیاں پاکستان میں جمہوریت کی بحالی اور استحکام کی جدوجہد کا روشن باب ہیں۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لیے بے مثال قربانیاں دیں، شہدا کی جدوجہد اور نظریہ کو آگے بڑھاتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سانحۂ کارساز کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، ان کے اہلِ خانہ کے دکھ اور قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے مزید کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔