کاروباری برادری معاشی ترقی اور سماجی بہبود میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، یوسف رضا گیلانی

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے اعزاز میں کراچی میں رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (آر ای اے پی) کے گروپ چیئرمین اور حنا رائس ایکسپورٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالرحیم جانو کی جانب سے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔

کراچی۔28ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے اعزاز میں کراچی میں رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (آر ای اے پی) کے گروپ چیئرمین اور حنا رائس ایکسپورٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالرحیم جانو کی جانب سے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ظہرانے میں سابق وزیراعظم و سابق چیئرمین سینیٹ محمد میاں سومرو، سابق چیئرمین رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان و وائٹ پرل گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ملک محمد جہانگیر، سینئر وائس چیئرمین آر ای اے پی جاوید جیلانی، چیئرمین تبانی گروپ حمزہ تبانی اور کاروباری برادری کے دیگر ممتاز نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ملکی معاشی سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور سماجی ترقی میں کاروباری برادری کے اہم کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے پارلیمان، حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مسلسل رابطے اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔ عبدالرحیم جانو نے چیئرمین سینیٹ کو رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (آر ای اے پی) کے کردار، سرگرمیوں اور ملکی معاشی ترقی میں اس کی خدمات کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ آر ای اے پی کی سالانہ ایوارڈز تقریب بھی اسی روز منعقد ہوگی، جس میں چیئرمین سینیٹ کو چاول کی برآمدات سے وابستہ شعبے کے نمائندگان سے مزید تبادلہ خیال اور ایسوسی ایشن کی سرگرمیوں و خدمات سے آگاہی کا موقع ملے گا۔ عبدالرحیم جانو نے کاروباری برادری کی جانب سے فلاحی اور سماجی بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی، بالخصوص پاکپتن میں بابا فرید فری آئی کیمپ کے ذریعے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا ذکر کیا۔ اس فری آئی کیمپ میں مستحق افراد کے لیے آنکھوں کا مفت معائنہ، تشخیصی سہولیات، موتیا کے آپریشنز، ادویات اور عینکیں فراہم کی جاتی ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے ان فلاحی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی فلاحی طبی سہولیات کا دائرہ ملک کے دیگر علاقوں تک بھی وسیع کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے بالخصوص مستحق افراد کی سہولت کے لیے ملتان میں بھی اسی نوعیت کا مفت آئی کیئر کیمپ منعقد کرنے کی درخواست کی۔ اس موقع پر عبدالرحیم جانو نے اعلان کیا کہ ملتان میں بھی اسی نوعیت کا مفت آئی کیئر کیمپ منعقد کیا جائے گا جس سے اس فلاحی طبی اقدام کا دائرہ ملتان تک وسیع ہو جائے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے اس اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کاروباری برادری کو خراج تحسین پیش کیا کہ وہ فلاحی اقدامات کے ذریعے حکومتی کوششوں میں معاونت کر رہی ہے اور معاشرے کے مستحق طبقات کی بہبود میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ ملاقات کے دوران کاروبار، سرمایہ کاری، معاشی ترقی اور فلاحی سرگرمیوں سے متعلق مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے اس امر پر زور دیا کہ معاشی ترقی کے فروغ اور سماجی بہبود کو بہتر بنانے کے لیے سرکاری و نجی شعبے کے درمیان تعاون اور رابطے کو مزید مضبوط بنایا جائے۔