اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ چیمبر کاروباری برادری کی مدر باڈی ہونے کے ناطے کاروبار میں آسانی کو یقینی بنانے کے لئے پبلک پرائیویٹ سیکٹرز کے درمیان موثر وکالت کا کردار ادا کرتے ہوئے کاروباری ترقی کو فروغ دینے کے لئے پوری طرح پر عزم ہے۔ان خیالات …
کاروباری برادری کی سہولت کے لئے چیمبر میں مزید سہولت کاری ڈیسک قائم کئے جائیں گے، سردار طاہر محمود
اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ چیمبر کاروباری برادری کی مدر باڈی ہونے کے ناطے کاروبار میں آسانی کو یقینی بنانے کے لئے پبلک پرائیویٹ سیکٹرز کے درمیان موثر وکالت کا کردار ادا کرتے ہوئے کاروباری ترقی کو فروغ دینے کے لئے پوری طرح پر عزم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن I-8 مرکز کے ایک بڑے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس نے صدر چوہدری وحید مشتاق چیمہ کی قیادت میں چیمبر کا دورہ کیا۔چیمبر کے سہولت کاری کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ چیمبر میں مختلف سہولت کاری ڈیسک پہلے سے کام کر رہے ہیں اور کاروباری برادری کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لئے وزارت خارجہ، پاسپورٹ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور ڈرائیونگ لائسنس کے لئے اضافی ڈیسک قائم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چیمبر کی قیادت متعلقہ سرکاری اداروں کے اعلیٰ افسران کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے جس کی وجہ سے آئی سی سی آئی ضلعی انتظامیہ، آئیسکو اور سوئی گیس سے متعلق معاملات کے علاوہ سی ڈی اے اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے متعلق کئی اہم مسائل کو کامیابی سے حل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔سردار طاہر محمود نے تاجروں اور صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ چیمبر کے ممبر بنیں کیونکہ ایک بڑی ممبر شپ سے چیمبر کی آواز مضبوط ہوگی اور کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے اس کی اثر انگیزی میں اضافہ ہوگا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن I-8 مرکز کے صدر چوہدری وحید مشتاق چیمہ نے آئی سی سی آئی قیادت کا فعال کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا اور مرکز میں تاجروں کو درپیش اہم مسائل پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کثیر المنزلہ پارکنگ پلازہ کی تعمیر، ٹیوب ویل کی تنصیب، پھولوں کی مارکیٹ کے لئے جگہ مختص کرنے، صفائی ستھرائی کو بہتر بنانے، سیوریج کی نئی لائنیں بچھانے اور سٹریٹ لائٹس کی بحالی پر زور دیا۔چیئرمین یاسر جمیل عباسی نے آئی سی سی آئی کے ساتھ وابستہ ہونے پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے اسے کاروباری برادری کے مسائل کے حل بارے ایک باوقار ادارہ قرار دیا۔صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے بھی تاجر برادری کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہونے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور تاجروں کے تحفظات دور کرنے کے لئے آئی سی سی آئی کی قیادت کے ساتھ قریبی تعاون کا عہد کیا۔
آئی سی سی آئی کے نائب صدر عرفان چوہدری نے اپنے اظہار تشکر میں شرکاء کو کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دینے کے لئے چیمبر کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پر کونسل ممبر چوہدری مسعود، ایگزیکٹو ممبران ذوالقرنین عباسی، اسحاق سیال، سابق سینئر نائب صدر خالد محمود چوہدری، توصیف زمان اور دیگر بھی موجود تھے۔









