گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہےکہ کاروباری سرگرمیوں کیلئے امن ناگزیر ہے، عوام نے احتجاجی سیاست کو یکسر مسترد کردیا ہے
کاروباری سرگرمیوں کیلئے امن ناگزیر ہے۔عوام نے احتجاجی سیاست کو یکسر مسترد کردیا ہے، سردار سلیم حیدر خان

مزید خبریں
لاہور۔28ستمبر (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ کاروباری سرگرمیوں کیلئے امن ناگزیر ہے، عوام نے احتجاجی سیاست کو یکسر مسترد کردیا ہے۔ملکی ترقی کا پہیہ روکنے والے ملک کے دشمن ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز یہاں گورنر ہاوس لاہور میں آئوٹ ڈور ایڈورٹائزنگ ایسوسی ایشن کے نو منتخب چیئرمین ادیان صادق لون اور دیگر منتخب عہدیداران کی حلف برداری کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر برائے ہاوسنگ بلال یاسین نے ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی اور استحکام کیلئے کاروباری سرگرمیوں کا تسلسل بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ معیشت کا پہیہ چلتا رہے گا تو ملک ترقی کی طرف بڑھے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ عوام نے احتجاج اور توڑ پھوڑ کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ایٹمی طاقت تو بن گئے، اب معاشی خود انحصاری سے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔گورنر پنجاب نے مزیدکہا کہ سیاستدانوں کا ہر وقت اور ہر فورم پر احتساب ہوتا ہے تاہم پانچوں انگلیاں برابر نہیں ہوتیں۔انہوں نے کہا کہ سیاست عوام کی خدمت کی نیت سے کی جائے تو عبادت سے کم نہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ میرا مشن محروم طبقے کے مسائل حل کرنا ہے جن کی کہیں شنوائی نہیں ہوتی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ آئوٹ ڈور ایڈورٹائزنگ انڈسٹری کا ملکی معیشت اور میڈیا کے فروغ میں اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نہ صرف کاروباری طبقے بلکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے سرکرداں ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور صنعتوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ایڈورٹائزنگ انڈسٹری میں سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نو منتخب قیادت آوٹ ڈور براڈکاسٹنگ کے شعبے کی ترقی اور اس سے وابستہ افراد کی فلاح کیلئے موثر کردار ادا کرے گی ۔








