کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ کے فروغ کے لیے ایس ای سی پی نے خصوصی ڈیسک قائم

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ملک میں کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ کے فروغ اور اس مارکیٹ کے ذریعے سرمایہ کے حصول میں سہولت اور رہنمائی فراہم کرنے کے لیے خصوصی کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ ڈیسک قائم کر دیا ہے

اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ملک میں کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ کے فروغ اور اس مارکیٹ کے ذریعے سرمایہ کے حصول میں سہولت اور رہنمائی فراہم کرنے کے لیے خصوصی کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ ڈیسک قائم کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد کارپوریٹ ڈیٹ سکیورٹیز کے اجرا کو آسان، تیز رفتار اور کم لاگت بنانا اور کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور ادارہ جاتی شراکت داروں کو مختلف قرضہ جاتی سکیورٹیز کے اجرا میں معاونت فراہم کرنا ہے۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کاروباری اداروں کے لیے طویل مدتی فنانسنگ کے ذرائع میں تنوع لانے اور بینک قرضوں پر انحصار کم کرنے کے لیے ایک فعال اور مؤثر کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ کے فروغ کی ہدایت کی ہے۔ایس ای سی پی کے ایک سینئر افسر کو ڈیسک کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔ یہ ڈیسک کارپوریٹ قرضہ جاتی سکیورٹیز کی پبلک آفرنگ اور پرائیویٹ پلیسمنٹ، پاکستان سٹاک ایکسچینج میں لسٹنگ، سکوک اور دیگر شریعہ کمپلائنٹ قرض و سرمایہ کی پراڈکٹ سے متعلق امور میں مارکیٹ کے شراکت داروں کو سہولت فراہم کرے گا۔ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ کے لیے ایک خصوصی سیکشن بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں متعلقہ قانونی و ریگولیٹری فریم ورک، مارکیٹ ڈیٹا، رہنمائی کا مواد اور فوکل پرسن کی رابطہ معلومات دستیاب ہیں
۔چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ ایک مستحکم کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ طویل مدتی فنانسنگ کے ذرائع میں تنوع، ادارہ جاتی سرمایہ کاری کے فروغ اور انفرا سٹرکچر و صنعتی ترقی کے لیے سرمایہ کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گی۔کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ ڈیسک کا قیام ایس ای سی پی کی وسیع تر اصلاحات کا حصہ ہے، جن کا مقصد اجرا کے عمل کو آسان بنانا، لاگت کم کرنا اور دستاویزات کو معیاری بناتے ہوئے کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

مزید خبریں