کاشتکاربہاریہ سورج مکھی کی بہترین پیداوار کے لئے اچھے اگاؤ کاحامل بیج استعمال کر یں، محکمہ زراعت

Sunflower
Sunflower

فیصل آباد۔ 28 مارچ (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکار کو بہاریہ سورج مکھی کی بہترین پیداوار کے حصول کےلئے فصل کی قطاروں میں کاشت اور اچھے اگاؤ کاحامل اڑھائی کلو بیج فی ایکڑ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کاشتکار فوری طور پر بہاریہ سورج مکھی کی کاشت مکمل کرلیں کیونکہ کاشت میں جس قدر تاخیر ہوتی رہے گی اسی قدر پیداوار بھی کم ہوتی جائے گی۔جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کہاکہ اگر بہاریہ سورج مکھی کے بیج کے اگاؤ کی شرح کم محسوس ہو تو فوری طور پر بیج کی مقدار میں اضافہ کر دیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ قطاروں کا درمیانی فاصلہ سو ا2 فٹ سے اڑھائی فٹ اور پودے سے پودے کافاصلہ آبپاش علاقوں میں 9انچ تک اور بارانی علاقوں میں ایک فٹ تک ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ فصل کی بوائی کے لئے بیج کی قسم کا انتخاب کرتے وقت اس بات کا خیال رکھاجائے کہ وہ قسم متعلقہ علاقے میں اچھی پیداوار دے سکتی ہے یاکہ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار اس سلسلہ میں مزید رہنمائی کے لئے ماہرین زراعت یامحکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔