کاشتکاروں کوسپرے کے بعد گوڈی یا بار ہیرو کااستعمال نہ کرنے کی سفارش

فیصل آباد ۔ 26 جنوری (اے پی پی):محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادکے اسسٹنٹ ڈائریکٹرخالد اقبال نے کہا کہ گندم کے کاشتکار جڑی بوٹی مار زہروں کے سپرے کیلئے 100 سے 120 لیٹر پانی فی ایکڑ استعمال کریں اور سپرے اس وقت کیا جائے جب سورج پوری طرح چمک رہا ہو نیز شبنم کے اثرات نظر آنے پر فصل پر سپرے نہ کیا جائے کیونکہ اس سے سپرے کے اثرات زائل …

فیصل آباد ۔ 26 جنوری (اے پی پی):محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادکے اسسٹنٹ ڈائریکٹرخالد اقبال نے کہا کہ گندم کے کاشتکار جڑی بوٹی مار زہروں کے سپرے کیلئے 100 سے 120 لیٹر پانی فی ایکڑ استعمال کریں اور سپرے اس وقت کیا جائے جب سورج پوری طرح چمک رہا ہو نیز شبنم کے اثرات نظر آنے پر فصل پر سپرے نہ کیا جائے کیونکہ اس سے سپرے کے اثرات زائل ہوسکتے ہیں۔

اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ کاشتکار سپرے سے قبل مشین کو اچھی طرح صاف کر کے فلیٹ فین نوزل کے ذریعے سپرے کریں اور خیال رکھا جائے کہ فصل کا کوئی حصہ سپرے سے رہ نہ جائے اور نہ ہی سپرے کے دوران فصل کے کسی حصے پر دو بار سپرے کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تیز ہوا اوربارش کی صورت میں بھی سپرے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سپرے کے بعد گوڈی یا بار ہیرو کا بھی استعمال نہ کیا جائے۔ انہوں نے سپرے کے دوران کاشتکاروں کو منہ پر ماسک لگانے اور ہاتھوں پر دستانے پہننے کی بھی ہدایت کی تاکہ وہ زہروں کے مضر اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔

علاوہ ازیں انہوں نے کاشتکاروں کو بہاریہ کماد کی کاشت کیلئے سب سائیلرکے ذریعے گہری کھیلیاں بنانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ کاشتکار 10 سے12 انچ والی کھیلیوں کیلئے 2مرتبہ گراس چیزل ہل یا ایک مرتبہ مٹی پلٹنے والا ہل چلائیں اوراگر 18انچ تک گہری کھیلیاں بنانی ہوں تو اس کیلئے سب سائیلر کااستعمال کیاجائے اور بعدازاں ضرورت کے مطابق 3 سے4 مرتبہ عام ہل چلا کر زمین کو خوب بھربھرا کردیا جائے نیز زمین کی بہتر تیاری کیلئے ہر3 سال بعد ایک دفعہ سب سائیلر کااستعمال کیاجائے تاکہ زمین کو زیادہ گہرائی تک تیار کرنے میں مدد مل سکے۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار بہاریہ کماد کی کاشت فروری سے وسط مارچ تک مکمل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار کماد کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی اپنائیں تاکہ فی ایکڑ پیداوارمیں اضافہ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ کماد کی اچھی پیداوار کیلئے ایسی بھاری میرا زمین جس میں پانی کا مناسب نکاس موجود ہو کا انتخاب کیاجائے تاہم بہاریہ کماد کی کاشت میرا اور ہلکی میرازمین پر بھی کی جاسکتی ہے۔