کاشتکاروں کو آلو کی موسم خزاں کی کاشت بروقت مکمل کرنے کی ہدائت

محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو آلو کی بروقت کاشت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ آلو کی موسم خزاں کی کاشت ماہ اکتوبر میں مکمل کی جاسکتی ہے۔پرنسپل سائنٹسٹ سبزیات سجاد سعیدنے بتایاکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں آلو کی 2فصلیں کاشت کی جاتی ہیں جن میں ایک فصل موسم خزاں اور دوسری موسم بہار کی فصل کہلواتی ہے

فیصل آباد۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو آلو کی بروقت کاشت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ آلو کی موسم خزاں کی کاشت ماہ اکتوبر میں مکمل کی جاسکتی ہے۔پرنسپل سائنٹسٹ سبزیات سجاد سعیدنے بتایاکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں آلو کی 2فصلیں کاشت کی جاتی ہیں جن میں ایک فصل موسم خزاں اور دوسری موسم بہار کی فصل کہلواتی ہے۔انہوں نے کہاکہ آلو کی بہترین کاشت اور اچھی فصل کے حصول کیلئے 28 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت انتہائی موزوں ہوتاہے۔انہوں نے کہاکہ موسم خزاں میں کاشتہ فصل کی برداشت جنوری سے فروری تک کی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ کاشتکار بیج والی فصل کو 10 اکتوبر تک کاشت کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آلو کی کاشت کیلئے 1200 سے 1500کلو گرام فی ایکڑ بیماریوں سے پاک تصدیق شدہ بیج استعمال کرناچاہیے اور بیج کو سرد خانے سے نکال کر کاشت سے کم از کم 10 روز پہلے خشک جگہ پر پھیلا دیناچاہیے تاکہ خوابیدگی کی حالت میں موجود بیج اپنے آ پ کو موسمی حالات اور درجہ حرات کے مطابق ڈھال لے اور اس میں شگوفے پھوٹ آئیں۔ انہوں نے بتایاکہ آلو کی کاشت کھیلیوں پر کریں اور کھیلیوں کا فاصلہ 75 سینٹی میٹر اور 20 سینٹی میٹر جبکہ بیج کی گہرائی 7 سے 10سینٹی میٹر رکھیں۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد سفید، فیصل آباد سرخ، ڈیزائری، کارڈینل، ڈایامینٹ، ایس ایچ 5 نامی اقسام شاندار پیداوار کی حامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار زمین کی تیاری، بیج کی مقررہ مقدار، کھادوں کی فراہمی بھی ماہرین زراعت کی مشاورت کے مطابق یقینی بنائیں تاکہ بمپر کراپ حاصل ہو سکے۔