کاشتکاروں کو مونگ اور ماش کی کاشت جولائی میں کرنے کی ہدایت

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع عدیل احمد نے کہا ہے کہ مونگ کی کاشت کیلئے 15 جولائی اور ماش کیلئے 20جولائی تک کا وقت انتہائی موزوں ہے۔

فیصل آباد ۔ 30 جون (اے پی پی):انہوں نے بتایا کہ بارانی علاقوں میں مونگ اور ماش کی کاشت ماہ جولائی کے آخر تک مکمل کی جاسکتی ہے تاہم مونگ کیلئے 15 جولائی اور ماش کیلئے 20جولائی تک کا وقت انتہائی موزوں ہوتاہے لیکن زیادہ بارش والے علاقوں میں مونگ و ماش کی کاشت قدرے پچھیت سے بھی کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ مونگ و ماش کے کھیتوں کو جڑی بوٹیوں سے پاک کرنا اشد ضروری ہے جس کیلئے کھیت میں گہراہل چلایا جا سکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ فصل اگنے کے 15سے20دن بعد ایک مرتبہ گوڈی کردینا بھی ضروری ہے۔اس کے علاوہ فصل کے اگاؤکے 30 سے 40دن بعد اگر ضرورت محسوس ہو تو دوسری گوڈی کاعمل دوہرایا جاسکتاہے البتہ فصل میں پھول آنے کے بعد ہر گز گوڈی نہ کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ اگر جڑی بوٹیوں کی تلفی عام طریقے سے ممکن نہ رہے تو زرعی ماہرین سے مشورہ کرکے ان کی تجویزکردہ جڑی بوٹی کش ادویات استعمال کی جاسکتی ہیں۔