کاشتکاروں کو ٹیوب ویل کے پانی سے سیراب ہونیوالی اراضی کو نائٹروجنی،فاسفورسی اورپوٹاش کی کھادڈالنے کا مشورہ

ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمودنے کہا ہے کہ کپاس کی بہتر فصل کے حصول کیلئے متناسب کھادوں کا استعمال انتہائی اہمیت کا حامل ہے

فیصل آباد۔ 21 مئی (اے پی پی):ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمودنے کہا ہے کہ کپاس کی بہتر فصل کے حصول کیلئے متناسب کھادوں کا استعمال انتہائی اہمیت کا حامل ہے لہٰذا کاشتکار ماہرین زراعت اور محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے متناسب کھادوں کا بروقت استعمال یقینی بنائیں تاکہ کپاس کی معیاری اور فی ایکڑ بہترین پیداوار کا حصول ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے کپاس کی بروقت کاشت کا عمل جلد از جلد مکمل کر لیں تاکہ پودے توانا اور مضبوط ہو سکیں اور فصل وائرس اور کیڑوں کا مقابلہ کرنے کی بھی صلاحیت کی حامل بن سکے۔

انہوں نے کہا کہ جن زمینوں میں صرف ٹیوب ویل کا پانی لگ رہا ہے وہاں نائٹروجنی اور فاسفورسی کھاد کے علاوہ پوٹاش کھاد بھی ضرور استعمال کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس کام سے بڑھوتری میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی اگیتی فصل اس وقت نرم حالت میں ہونے کی وجہ سے لشکری سنڈی کے حملہ کے خطرہ سے دوچار ہو سکتی ہے لہٰذا ایسی کسی بھی علامت یا شکائت کا تدارک بروقت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت درجہ حرارت میں اضافہ کے باعث کپاس پر تھرپس،سست تیلہ سمیت دیگر رس چوسنے والے کیڑے حملہ آور ہیں لہٰذا ان پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کپاس کے کاشتکاروں کو ہدائت کی کہ وہ محکمہ زراعت کے عملہ سے مسلسل رابطہ میں رہیں اور ضرورت پڑنے پر سفارش کردہ زہروں کا فوری استعمال یقینی بنائیں کیونکہ بیماری کے حملہ کی صورت میں زرا سی بھی کوتاہی فصل کے بڑے نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔

مزید خبریں