کاشتکاروں کو کالی زیری کی کاشت کیلئے شرح بیج اڑھائی سے 3کلو گرام فی ایکڑ رکھنے کی سفارش

کاشتکاروں کو کالی زیری کی کاشت رواں ماہ وسط اگست سے شروع کرنے کی سفارش کی گئی ہے اور کہاگیا ہے کہ کالی زیری طبی خواص رکھنے والا ایک انتہائی اہم ادویاتی پودا ہے

فیصل آباد ۔ 05 اگست (اے پی پی):کاشتکاروں کو کالی زیری کی کاشت رواں ماہ وسط اگست سے شروع کرنے کی سفارش کی گئی ہے اور کہاگیا ہے کہ کالی زیری طبی خواص رکھنے والا ایک انتہائی اہم ادویاتی پودا ہے جس کے پتے اور جڑیں مختلف بیماریوں کے علاج میں استعمال ہوتے ہیں جبکہ کالی زیری کا بیج پیٹ کی مختلف بیماریوں کے علاج میں بھی استعمال ہوتا ہے لہٰذا اس کی کاشت وسط اگست کے دوران شروع کر کے ستمبر کے پہلے ہفتہ تک مکمل کر تے ہوئے بہترین پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع عدیل احمد نے بتایا کہ کالی زیری کی کاشت کیلئے زمین کو 5 سے 6مرتبہ ہل و سہاگہ چلا کر اچھی طرح تیار کر لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ زمین کی ذرخیزی کیلئے 10سے12گڈے گوبر کی گلی سڑی کھاد زمین میں اچھی طرح ملا دینی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کالی زیری کی کاشت کیلئے شرح بیج اڑھائی سے3 کلو گرام فی ایکڑ رکھنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار کھیت میں ڈیڑھ سے2 فٹ کے فاصلے پر کھیلیا ں بنا کر ان کے سروں پر 9انچ کے فاصلے سے بیج کی چٹکیاں لگائیں اور بروقت آبپاشی کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید معلومات ماہرین زراعت یامحکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔

مزید خبریں