کاشتکارکپاس کی چنائی، صفائی، ذخیرہ اور ترسیل کے دوران خصوصی احتیاطی تدابیر اختیارکریں،محکمہ زراعت
کاشتکارکپاس کی چنائی، صفائی، ذخیرہ اور ترسیل کے دوران خصوصی احتیاطی تدابیر اختیارکریں،محکمہ زراعت

مزید خبریں
فیصل آباد ۔ 13 ستمبر (اے پی پی):ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ کپاس کی چنائی، صفائی، ذخیرہ اور ترسیل کے دوران خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تاکہ روئی کا معیار برقرار رکھنے کے ساتھ بہتر قیمت کا حصول ممکن بنایا جاسکے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت عامر صدیق نے بتایاکہ چنائی صرف مکمل کھلے ہوئے ٹینڈوں سے کی جائے جبکہ کچے، نیم کھلے یا خراب ٹینڈوں کو الگ رکھا جائے اور اس مقصد کے لیے صاف کپڑے کے تھیلے یا مناسب ایپرن استعمال کیے جائیں تاکہ روئی میں پتے، ڈنٹھل، پلاسٹک، پولی تھین، دھاگے، بال، کاغذ، رسی، جیوٹ اور دیگر غیر متعلقہ اشیا شامل نہ ہوں۔ شبنم اور نمی ختم ہونے کے بعد چنائی شروع کی جائے اور بارش یا زیادہ نمی کی صورت میں اسے مؤخر کردیا جائے، جبکہ گیلی یا بارش سے متاثرہ کپاس کو خشک روئی سے علیحدہ رکھ کر اچھی طرح خشک کیا جائے۔
گودام یا ذخیرہ کرنے کی جگہ صاف، خشک، ہوادار اور نمی سے پاک ہونی چاہیے اور کپاس کو زمین سے براہ راست رابطے کے بغیر محفوظ کیا جائے۔ مختلف اقسام اور مختلف اوقات میں چنی گئی کپاس کو الگ رکھنے کے علاوہ جننگ فیکٹری منتقل کرنے سے پہلے روئی سے تمام ظاہری آلودگی دور کرنا بھی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ صاف اور آلودگی سے پاک کپاس نہ صرف کاشتکار کی آمدن میں اضافے کا ذریعہ بنتی ہے بلکہ ملکی ٹیکسٹائل صنعت اور برآمدات کے معیار کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے، اس لیے کاشتکار محکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے ہر مرحلے پر کپاس کی صفائی اور معیار کو ترجیح دیں ۔







