کاشتکار شلجم، گاجر، مولی کی اگیتی فصل کی کاشت رواں ہفتہ کے دوران مکمل کرلیں، محکمہ زراعت ڈسکہ
کاشتکار شلجم، گاجر، مولی کی اگیتی فصل کی کاشت رواں ہفتہ کے دوران مکمل کرلیں، محکمہ زراعت ڈسکہ

مزید خبریں
سیالکوٹ۔ 11 ستمبر (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت ڈسکہ محمد یوسف نے کہا ہے کہ کاشتکار شلجم، گاجر، مولی کی اگیتی فصل کی کاشت رواں ہفتہ کے دوران مکمل کرلیں۔ جمعہ کو انہوں نے کہا ہے کہ کاشتکار مولی کا بیج 4کلو گرام، شلجم کا بیج ایک کلو گرام اور گاجر کا بیج 5کلو گرام فی ایکڑ کے حساب سے استعمال کریں نیز مولی، شلجم کو کھیلیوں میں کاشت کیاجائے اور کھیلیوں کا فاصلہ ڈیڑھ فٹ تک رکھا جائے تاکہ فصل کی بہترین نشوونما ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو سبزیوں کی کاشت کے ضمن میں محکمہ زراعت اور ماہرین زراعت کے مشوروں پر عملدرآمد کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار بہت زیادہ کھائی جانے والی سبزی آلو کی کاشت کیلئے صحت مند بیج کا بندوبست کریں تاکہ بوقت کاشت انہیں کوئی پریشانی نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ اس کیلئے زمین کی تیاری، کھاد، مزوور اور مشینری کا انتظام بھی بروقت ہونا چاہیے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ کاشتکار سرخ مرچ کی برداشت جاری رکھیں اور بیج کیلئے اگیتی، تندرست، خوش نما مرچوں کاانتخاب یقینی بنائیں۔







