کاشتکار مرچ کی نرسری کی کاشت 15نومبر تک مکمل کرسکتے ہیں،محکمہ زراعت

فیصل آباد۔ 31 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ کاشتکار مرچ کی نرسری کے پودے کھیلیوں کے دونوں طرف ایک فٹ کے فاصلے پر لگا ئیں،نرسری کی منتقلی کے بعد کھیت کو پانی لگا دیں ، مرچ کے پودے کی نشوونما کےلئے بہترین درجہ حرات 14سے30ڈگری سینٹی گریڈ ہے ،کاشتکار مرچ کی نرسری کی کاشت 15نومبر تک مکمل کرسکتے ہیں۔ترجمان نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت توسیع …

فیصل آباد۔ 31 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ کاشتکار مرچ کی نرسری کے پودے کھیلیوں کے دونوں طرف ایک فٹ کے فاصلے پر لگا ئیں،نرسری کی منتقلی کے بعد کھیت کو پانی لگا دیں ، مرچ کے پودے کی نشوونما کےلئے بہترین درجہ حرات 14سے30ڈگری سینٹی گریڈ ہے ،کاشتکار مرچ کی نرسری کی کاشت 15نومبر تک مکمل کرسکتے ہیں۔ترجمان نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت توسیع کے مطابق کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ مرچ کی پنیری کی منتقلی کےلئے زرخیز میرا زمین جس میں نامیاتی مادہ وافر مقدار میں ہو،کا انتخاب کریں کیونکہ ان زمینوں میں نمی دیر تک قائم رہتی ہے اورمرچ کی جڑیں زمین کے نیچے آسانی سے خوراک حاصل کرکے بڑھتی اور پھولتی رہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مرچ کی پنیر ی کی کھیت میں منتقلی سے پہلے فی ایکڑ10 سے12 ٹن گوبر کی گلی سڑی کھاد میں 20کلو گرام یوریا ملا کر استعمال کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار کھیت کی آبپاشی کریں اور وتر آنے پر دو تین ہل بمعہ سہاگہ چلا کر زمین کو کھلا چھوڑ دیں تاکہ جڑی بوٹیاں کاشت سے پہلے اگ آئیں۔انہوں نے کہاکہ جڑی بوٹیاں اگنے کے بعد دوبارہ ہل چلا کر جڑی بوٹیوں کی تلفی کریں اور کھیت کو کھلا چھوڑ دیں تاکہ دھوپ لگنے سے زمینی بیماریوں کے جراثیم ختم ہوجائیں۔

انہوں نے کہاکہ زمین تیار کرنے کے بعد اڑھائی فٹ چوڑی اور8 سے10 انچ گہری کھیلیاں بنائیں اورمرچ کی پنیری کی منتقلی کے وقت پنیری والے کھیت کی ہلکی آبپاشی کریں اور پنیری کو کھیت سے وتر حالت میں اس طرح اکھاڑیں کہ اس کی جڑیں نہ ٹوٹنے پائیں۔انہوں نے کہا کہ مرچ پنجاب کی اہم سبزی ہے کیونکہ اس میں معدنی نمکیات اور حیاتین "الف "و "ب "اور بڑی مقدار میں "ج”کے علاوہ نشاستہ اور طاقت کی اکائیاں کافی مقدار میں پائی جاتی ہیں جو صحت کےلئے مفید ہیں۔انہوں نے کہاکہ مرچ کو تمام سبزیوں کے ساتھ ملا کر پکانے کےلئے استعمال کیا جاتاہے۔