کاشتکار مکئی کے ذخیرہ کے دوران خصوصی حفاظتی تدابیر پر عمل یقینی بنائیں ،ماہرین زراعت

فیصل آباد۔ 27 مئی (اے پی پی):کھپرا، سونڈوالی سسری،گرین ماتھ گوداموں میں بہاریہ مکئی پر حملہ کرکے اسے متاثر اورنقصان پہنچا سکتی ہے لہٰذااس کے ذخیرہ کے دوران خصوصی حفاظتی تدابیر پر عمل یقینی بنایا جا ئے۔جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت وپلانٹ پروٹیکشن نے بتایاکہ مکئی کی فصل کو سٹوروں میں نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتاہے لہٰذا انسدادی و احتیاطی تدابیر اور تدارکی اقدامات پر عمل کرکے کیڑوں …

فیصل آباد۔ 27 مئی (اے پی پی):کھپرا، سونڈوالی سسری،گرین ماتھ گوداموں میں بہاریہ مکئی پر حملہ کرکے اسے متاثر اورنقصان پہنچا سکتی ہے لہٰذااس کے ذخیرہ کے دوران خصوصی حفاظتی تدابیر پر عمل یقینی بنایا جا ئے۔جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت وپلانٹ پروٹیکشن نے بتایاکہ مکئی کی فصل کو سٹوروں میں نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتاہے لہٰذا انسدادی و احتیاطی تدابیر اور تدارکی اقدامات پر عمل کرکے کیڑوں کے حملے سے بچا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ انسدادی تدابیر کے طورپر کاشتکار اور دیگر افراد سائپر میتھرین یا ڈیلٹیا میتھرین بحساب ایک لیٹر 100لیٹر پانی میں ملا کر گودام میں اس کا اچھی طرح سپرے کریں۔

انہوں نے کہاکہ غلہ کی ذخیرہ اندوزی کرنے کے بعد یہ زہریں حسب ضرورت دیواروں اور بوریوں پر بھی سپرے کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ گوداموں کے کیڑوں کے انسداد کیلئے زہریلی گیس کے استعمال کا طریقہ بھی انتہائی موزوں ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس مقصد کیلئے گوداموں کی کھڑکیاں اور روشندان اچھی طرح بند کرکے ایلومینیم فاسفائیڈ کی 25 سے 30گولیاں فی ہزار مکعب فٹ حجم کے حساب سے رکھ کر دروازے اچھی طرح بند کردیئے جائیں اور گودام کو اس حالت میں کم ازکم 7دن تک رکھاجائے کیونکہ اس عمل سے پیداشدہ گیس سے ہرقسم کے کیڑے تلف ہو جائیں گے۔

مزید خبریں