کاشتکار پیٹھا کدو کی پچھیتی کاشت 20 جولائی تک مکمل کریں، محکمہ زراعت
کاشتکار پیٹھا کدو کی پچھیتی کاشت 20 جولائی تک مکمل کریں، محکمہ زراعت

مزید خبریں
سیالکوٹ۔13جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پیٹھا کدو کی پچھیتی کاشت 20 جولائی تک مکمل کر لیں اور کاشت میں تاخیر سے گریز کریں تاکہ بہتر پیداوار حاصل کی جا سکے۔زراعت آفیسر مرکز کینٹ سیالکوٹ عمار عبداللہ نے اے پی پی کو بتایا کہ 20 جولائی تک کاشت کی صورت میں پیٹھا کدو کا پھل اکتوبر میں پک کر تیار ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فصل کی کاشت کے لیے پانی کے اچھے نکاس والی زرخیز میرا زمین کا انتخاب بہترین نتائج کا حامل ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کاشتکار پیٹھا کدو کی پچھیتی کاشت کے وقت کھیت میں 2 سے 3 مرتبہ ہل چلانے کے بعد سہاگہ دیں اور پٹڑیاں بنانے کے لیے ایک چوتھائی میٹر پر نشان لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ نشانوں کے دونوں اطراف 30 سینٹی میٹر کے فاصلے پر 3 بوری سپر فاسفیٹ اور 1 بوری امونیم نائٹریٹ ڈالیں اور بیج دونوں کناروں پر ایک ایک میٹر کے فاصلے پر بوئیں۔انہوں نے کہا کہ مزید معلومات اور فنی رہنمائی کے لیے کاشتکار محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے رابطہ کر سکتے ہیں۔








