کراچی میں ملک کا سب سے بڑا گرینڈ خدمت مرکز قائم کرنے کا فیصلہ، وزیر داخلہ محسن نقوی کی 10 روز میں ماسٹر پلان پیش کرنے کی ہدایت

وفاقی وزارت داخلہ نے کراچی میں ملک کا سب سے بڑا ”گرینڈ خدمت مرکز“ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بات کا اعلان وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آئی آئی چندریگر روڈ پر وزارت داخلہ کے دفتر کے دورے کے دوران کیا

کراچی ۔29ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزارت داخلہ نے کراچی میں ملک کا سب سے بڑا ”گرینڈ خدمت مرکز“ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بات کا اعلان وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آئی آئی چندریگر روڈ پر وزارت داخلہ کے دفتر کے دورے کے دوران کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصوبے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اس گرینڈ خدمت مرکز میں وزارت داخلہ کے ماتحت تمام اداروں کے کائونٹرز قائم کیے جائیں گے۔ مرکز کے قیام سے شہریوں کو ایک ہی چھت تلے پاسپورٹ، شناختی کارڈز (نادرا)، اسلحہ لائسنس، مختلف این او سیز اور دیگر تمام متعلقہ سہولیات باآسانی فراہم کی جائیں گی۔

محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے 10 روز کے اندر خدمت مرکز کا جامع ماسٹر پلان طلب کر لیا ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ ماسٹر پلان تمام جدید اور ضروری تقاضوں کو مدنظر رکھ کر تیار کیا جائے تاکہ شہریوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے خدمات میسر آ سکیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے منصوبے کو جلد از جلد عملی جامہ پہنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات فوری طور پر مکمل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔