کراچی چیمبر اور فرینڈز آف پاکستان یو ایس اے کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (کے سی سی آئی)اور فرینڈز آف پاکستان (ایف او پی)یو ایس اے / پاکستان ٹریڈ ایڈوائزری کے درمیان پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارت، کاروباری سرگرمیوں اور اقتصادی تعاون کو تیز کرنے کے لیے باہمی تعاون کا ایک جامع فریم ورک قائم کرنے کی غرض سے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)پر دستخط کئے گئے

کراچی۔ 30 ستمبر (اے پی پی):کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (کے سی سی آئی)اور فرینڈز آف پاکستان (ایف او پی)یو ایس اے / پاکستان ٹریڈ ایڈوائزری کے درمیان پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارت، کاروباری سرگرمیوں اور اقتصادی تعاون کو تیز کرنے کے لیے باہمی تعاون کا ایک جامع فریم ورک قائم کرنے کی غرض سے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)پر دستخط کئے گئے۔ مفاہمتی یادداشت پر کے سی سی آئی کے صدر محمد ریحان حنیف اور فرینڈز آف پاکستان یو ایس اے کے صدر جمال خواجہ نے دستخط کیے۔ اس موقع پر سابق صدر کے سی سی آئی و چیئرمین خصوصی کمیٹی برائے عملدرآمد مفاہمتی یادداشتیں جنید اسماعیل ماکڈا اور نائب صدر پاکستان ٹریڈ ایڈوائزری ایف او پی یو ایس اے فرخ شیخ بطور گواہ موجود تھے۔مفاہمتی یادداشت کی اہم خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے صدر کے سی سی آئی ریحان حنیف نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب اہم اور سٹریٹجک قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین سالہ اس سٹریٹجک فریم ورک کے تحت کے سی سی آئی اور فرینڈز آف پاکستان یو ایس اے باہمی تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے قریبی تعاون کریں گے جس کے ذریعے پاکستانی کاروباری اداروں کو امریکا میں موجود منڈیوں، سرمایہ کاروں اور ممکنہ مشترکہ منصوبوں کے شراکت داروں سے منسلک کیا جائے گا۔ اس اقدام کے تحت اعلیٰ سطحی تجارتی وفود، کاروباری فورمز، نمائشوں اور خصوصی نیٹ ورکنگ سیشنز کا انعقاد بھی کیا جائے گا تاکہ کاروباری اداروں کو براہِ راست تجارتی روابط قائم کرنے کے مؤثر مواقع میسر آسکیں۔

مزید خبریں