کفایت شعاری پالیسی ، اسمبلی سیکرٹیریٹ میں ہر قسم کے اخراجات میں کمی کے اقدامات کا نوٹیفکیش جاری

قومی اسمبلی سیکرٹیریٹ نے حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کے تناظر میں اسمبلی سیکرٹریٹ میں ہر قسم کے اخراجات میں کمی کے اقدامات کا نوٹیفکیش جاری کر دیا ہے

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):قومی اسمبلی سیکرٹیریٹ نے حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کے تناظر میں اسمبلی سیکرٹریٹ میں ہر قسم کے اخراجات میں کمی کے اقدامات کا نوٹیفکیش جاری کر دیا ہے ۔ منگل کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ترجمان کی طرف سے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی منظوری سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ تین ماہ کے لئے پچاس فیصد عملہ ورک فرام ہوم کرے گا ، یہ ڈیوٹیاں روٹیشن کی بنیاد پر لگیں گی ۔ پٹرول کی کھپت پچاس فیصد کر دی گئی ہے ، گاڑیوں اور آئی ٹی مصنوعات سمیت تین ماہ کے لئے ہر قسم کی خریداریوں پر بھی پابندی عائد ہوگی ۔ بیرون ملک دوروں پر بھی پابندی ہوگی تاہم انٹرنیشنل پارٹنرز کی طرف سے سکالر شپس اور تربیتی پروگرام کے تحت جانے والے اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے ۔ غیر ملکی وفود کے اعزاز میں دی جانے والی ضیافت کے علاوہ ہر قسم کے سرکاری ڈنرز پر پابندی عائد ہوگی ۔ قائمہ کمیٹیوں کے ورچوئل اجلاس کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور کمیٹیوں کے اجلاسوں کی تعداد بھی کم کی جائے گی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ٹیلی کانفرنسنگ کے ذریعہ اراکین پارلیمنٹ کی شرکت یقینی بنائی جائے تاکہ ایندھن اور دیگر اخراجات میں بچت کی جاسکے ، گھر سے کام کرنے والے عملے کے کھانے اور دیگر الائونس نہیں دیئے جائیں گے اور ایسے ملازمین پیشگی اجازت کے بغیر شہر سے باہر نہیں جائیں گے اور ضروت پڑنے پر ایک گھنٹہ میں دفتر میں اپنی حاضری یقینی بنانے کے پابند ہوں گے ۔ ماہانہ بنیاد پر ای آر ای بجٹ میں پانچ فیصد کمی لائی جائے گی ۔