کلائمیٹ ریزیلیئنٹ پاکستان بین الاقوامی کانفرنس 9 جنوری 2023 کو جنیوا میں ہوگی

شنگھائی تعاون تنظیم

اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی):کلائمیٹ ریزیلیئنٹ پاکستان بین الاقوامی کانفرنس 9 جنوری 2023 کو جنیوا میں ہوگی، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کانفرنس کی مشترکہ طور پر میزبانی کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بین الاقوامی کانفرنس حالیہ تباہ کن سیلابوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں موسمیاتی اعتبار سے ایک لچکدار اور بہتر انداز میں از سر نو تعمیر کے لئے پاکستان کے عوام اور حکومت کے لئے بین الاقوامی حمایت حاصل کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی جیسا کہ ملک ریسکیو اور ریلیف کے مرحلے سے بحالی اور تعمیر نو کے اہم کام کی طرف بڑھ رہا ہے۔

پاکستان اس کانفرنس میں کانفرنس میں ریزیلینٹ ریکوری، بحالی اور تعمیر نو کا فریم ورک (4 آر ایف) پیش کرے گا جو اس فریم ورک کے نفاذ کے لئے بین الاقوامی تعاون اور طویل مدتی شراکت داری کا خواہاں ہے۔ فریم ورک کی دستاویز ایک ترجیحی اور ترتیب وار منصوبے کا خاکہ پیش کرتی ہے، جس کی وضاحت وفاقی اور صوبائی سطحوں پر کی گئی ہے، اور اس میں کھلے، شفاف اور باہمی تعاون کے ساتھ اس کے نفاذ کے لئے مالیاتی طریقہ کار اور ادارہ جاتی انتظامات شامل ہیں۔

کانفرنس کے پروگرام میں ایک اعلیٰ سطحی افتتاحی سیشن شامل ہو گا جس کی سربراہی وزیر اعظم اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کریں گے، اس کے بعد 4 آر ایف دستاویز کا باضابطہ افتتاح ہو گا اور پارٹنر سپورٹ کے اعلانات ہوں گے۔ وزیراعظم اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل مشترکہ طور پر میڈیا سے گفتگو بھی کریں گے۔ کانفرنس میں وزیر اعظم پاکستان ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون سے سیلاب سے متاثرہ آبادی کی بحالی اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی اور ملک کو مزید متحرک اور پائیدار اقتصادی ترقی کے ماڈل کی طرف منتقل کرنے کے لئے پاکستان کے وژن کا خاکہ پیش کریں گے ۔ پاکستان کے وفاقی وزراء فریم ورک دستاویز کی وضاحت کریں گے اور موسمیاتی لچک اور موافقت کے لئے پاکستان کا طویل المدتی منصوبہ بھی پیش کریں گے۔ علاوہ ازیں چاروں صوبوں کا نقطہ نظر متعلقہ صوبائی نمائندے بیان کریں گے۔

کانفرنس میں سربراہان مملکت و حکومت، وزراء اور متعدد ممالک کے اعلیٰ سطحی نمائندے اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں، فاؤنڈیشنز اور فنڈز کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی ترقیاتی تنظیموں، نجی شعبے، سول سوسائٹی اور آئی این جی اوز کے نمائندے شرکت کریں گے۔ یہ کانفرنس 4 آر ایف دستاویز کی بنیاد پر پاکستان کے دوستوں اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری قائم کرنے میں معاون ثابت ہو گی اور بحالی و تعمیر نو کی کوششوں میں پاکستان کے عوام کے ساتھ بین الاقوامی یکجہتی کے اظہار کے طور پر کام کرے گی