کماد اورآلوکی فصل کو کورے اورسردی سے بچاؤ کے لئے سفارشات جاری

ملتان۔ 12 دسمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے کماد اورآلوکی فصل کو کورے اورسردی سے بچاؤ کے لئے سفارشات جاری کردیں۔ ترجمان محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں دسمبر سے جنوری کے آخر تک کورے کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ کماد کی فصل کا کورے کےشدید حملے کی صورت میں وزن کم ہوجاتا ہےاورگنے کےرس کا وزن کم ہوجاتا ہے۔کورے کی وجہ سےکماد کےبڈز(آنکھیں)بھی متاثرہوتی ہیں …

ملتان۔ 12 دسمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے کماد اورآلوکی فصل کو کورے اورسردی سے بچاؤ کے لئے سفارشات جاری کردیں۔ ترجمان محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں دسمبر سے جنوری کے آخر تک کورے کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔

کماد کی فصل کا کورے کےشدید حملے کی صورت میں وزن کم ہوجاتا ہےاورگنے کےرس کا وزن کم ہوجاتا ہے۔کورے کی وجہ سےکماد کےبڈز(آنکھیں)بھی متاثرہوتی ہیں اوراُن کے پھو ٹنے کی صلاحیت میں کمی واقع ہوتی ہے جس سے آئندہ فصل کے بیج میں کمی واقع ہوتی ہے لہذٰا کماد کے کاشتکاربیج کی تیار کی گئی فصل کو کورے سے بچانے کے لئے آبپاشی کریں۔

مزید براں کورے کے دنوں میں گوڈی سے اجتناب کریں۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا ہے کہ آلو کی فصل کا کورے اور سردی سے شدیدمتاثر ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے۔شدید کورے کی صورت میں آلو کی فصل کے پتوں کے کنارے کالے ہونے شروع ہوجاتے ہیں۔آلو کے کاشتکار محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کو غور سے سنیں اور کورے کی راتوں کو ہلکی آبپاشی کریں اور فصل کے گرد ہلکی دھونی کریں۔

اگر آلو کی فصل کے کورے سے متاثر ہونے کا اندیشہ ہوتو اس پر محکمہ زراعت توسیع کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے گروتھ ریگولیٹرزسپرے کیےجاسکتے ہیں۔ آلواورکماد کی فصلات چند روز تک کہر برداشت کر سکتی ہیں مگر مسلسل کوراپڑنے پران کا تحفظ ضروری ہوجاتا ہے ورنہ کماد اورآلو کی فی ایکڑ پیداوارمتاثر ہوتی ہے۔