کماد کی فصل کو سال میں اوسطاً 16 مرتبہ پانی کی ضرورت ہوتی ہے، محکمہ زراعت

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع عدیل احمد نے کماد کے کاشتکاروں پر زور دیا ہے کہ وہ کماد کی فصل کو پانی کی کمی نہ آنے دیں کیونکہ ماہ جون و جولائی کے دوران موسمی شدت کے پیش نظر پانی کی کمیابی کی وجہ سے کماد کی فصل بہت متاثر ہوتی ہے

فیصل آباد۔ 09 جون (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع عدیل احمد نے کماد کے کاشتکاروں پر زور دیا ہے کہ وہ کماد کی فصل کو پانی کی کمی نہ آنے دیں کیونکہ ماہ جون و جولائی کے دوران موسمی شدت کے پیش نظر پانی کی کمیابی کی وجہ سے کماد کی فصل بہت متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کماد کی فصل کو سال میں اوسطاً 16 مرتبہ پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر موسمی شدت اور فصل کی ضرورت کے مطابق کماد کی فصل کو سیراب کیا جائے تو گنے کی فی ایکڑپیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جون و جولائی کے علاوہ مارچ اپریل میں تین ہفتے، مئی تااگست تک ڈیڑھ سے دو ہفتے، ستمبرسے اکتوبر تک فی ہفتہ اور نومبر سے فروری تک 6 سے 7 ہفتے تک پانی دینا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کھاد ڈالنے کے بعد آبپاشی کی اشد ضرورت ہوتی ہے تاکہ اس کے بہترین فوائد اور مطلوبہ مقاصد حاصل کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ برسات کے موسم میں پانی کے تناسب کا خاص خیال رکھنا چاہئے کیونکہ ان ایام میں زیادہ پانی دینے سے گنے کو کیڑا لگنے کا بھی خدشہ رہتا ہے۔

مزید خبریں