کمشنر سرگودھا ڈویژن کا خضر آباد لائیو سٹاک تجرباتی فارم کا دورہ، مویشیوں کی دیکھ بھال کا جائزہ

کمشنر سرگودھا ڈویژن کا خضر آباد لائیو سٹاک تجرباتی فارم کا دورہ، مویشیوں کی دیکھ بھال کا جائزہ

سرگودھا۔ 14 ستمبر (اے پی پی):کمشنرسرگودھاڈویژن حافظ شوکت علی نے خضر آباد لائیو سٹاک تجرباتی فارم کا تفصیلی دورہ کیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک سرگودھا ڈاکٹر نائلہ مقصود نے کمشنر کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر کمشنر کو فارم کی مجموعی کارکردگی، مویشیوں کی دیکھ بھال، افزائشِ نسل، خوراک، علاج معالجہ، ویکسینیشن، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر نے فارم کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے مویشیوں کی صحت، رہائش، خوراک اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔

کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ مویشیوں کی بہتر نگہداشت، معیاری خوراک، بروقت علاج اور ویکسینیشن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ فارم میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے ساتھ ساتھ مویشیوں کی افزائشِ نسل اور پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے جدید طریقہ کار اپنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک شعبہ دیہی معیشت اور عوام کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اس لیے سرکاری لائیو سٹاک فارمز کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے اُن کی کارکردگی اور افادیت میں مزید اضافہ کیا جائے۔ کمشنر نے متعلقہ افسران کو فارم کی بہتری اور دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے عملی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

مزید خبریں