کمشنر ملتان ڈویژن کی زیر صدارت اجلاس، گندم کاشت کا مجموعی ہدف 17 لاکھ 76 ہزار ایکڑ مقرر

کمشنر ملتان ڈویژن کی زیر صدارت اجلاس، گندم کاشت کا مجموعی ہدف 17 لاکھ 76 ہزار ایکڑ مقرر

ملتان ۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان کی زیرِ صدارت گندم کاشت 27 ۔ 2026کے اہداف اور انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا،جس میں گندم کی کاشت کے مقررہ اہداف، نہری پانی کی فراہمی، کھاد و بیج کی دستیابی، کسانوں کی رہنمائی اور انسدادِ سموگ اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ملتان ڈویژن کے لیے گندم کاشت کا مجموعی ہدف 17 لاکھ 76 ہزار ایکڑ مقرر کیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع ملتان میں 4 لاکھ 45 ہزار، خانیوال میں 5 لاکھ 3 ہزار، لودھراں میں 3 لاکھ 76 ہزار جبکہ وہاڑی میں 4 لاکھ 52 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کاشت کی جائے گی۔

ڈائریکٹر زراعت ملتان ڈویژن صابر شہزاد نے گندم کاشت کے اہداف اور محکمہ زراعت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ ’’اپنا کھیت اپنا روزگار‘‘ سمیت مختلف سکیموں کے تحت الاٹ کی گئی زمینوں پر گندم کی کاشت یقینی بنائی جائے جبکہ نمبرداری کے لیے دی گئی اراضی کو بھی کاشت کے لیے استعمال کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گندم کا مقررہ ہدف ہر صورت حاصل کیا جائے اور متعلقہ افسران فیلڈ میں موثر اقدامات کریں۔ کمشنر نے کھاد اور بیج کی اوور پرائسنگ کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو مقررہ نرخوں پر معیاری کھاد اور بیج کی فراہمی یقینی بنائی جائے، اوور پرائسنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے گندم کی کاشت کے لیے نہری پانی کی بروقت فراہمی اور مختلف علاقوں کے لیے مناسب واٹر ونڈو طے کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے فصلوں کی باقیات جلانے پر مکمل پابندی، سٹبل برننگ کی روک تھام اور انسدادِ سموگ مہم ہنگامی بنیادوں پر چلانے کا حکم دیا۔ اجلاس میں محکمہ زراعت کو کسانوں کو جدید زرعی طریقوں، بیج اور کھاد کے استعمال سے متعلق بروقت رہنمائی فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔