کمشنر کی زیرصدارت ڈویژنل ویٹ کمیٹی کا اجلاس ،فیصل آباد ڈویژن میں 18 لاکھ 34 ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت کا ہدف مقرر

کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی زیرصدارت ڈویژنل ویٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کھاد،بیج کی مقررہ نرخوں پر وافر دستیابی اور ٹیل تک کسانوں کو نہری پانی کی فراہمی

فیصل آباد ۔ 28 ستمبر (اے پی پی):کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی زیرصدارت ڈویژنل ویٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کھاد،بیج کی مقررہ نرخوں پر وافر دستیابی اور ٹیل تک کسانوں کو نہری پانی کی فراہمی،مکینیکل طریقہ سے بوائی،سپرسیڈرز کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔پیر کو منعقدہ اجلاس میں فیصل آباد ڈویژن میں 18 لاکھ 34 ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیاہے۔اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز ضلعی کمیٹی میں کسانوں کے مسائل سن کر15 روز میں ازالہ کریں اور ٹیل تک نہری پانی کی سو فیصد فراہمی کے حوالے سے متعلقہ نمبرداروں سے رپورٹ لیں۔

انہوں نے کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر کسانوں کو سپر سیڈرز کے حامل کاشتکاروں سے منسلک کریں تاکہ دیگر بھی مستفید ہوں۔انہوں نے کہا کہ 20 نومبر تک گندم کی کاشت کا ہدف مکمل کرایا جائے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے گندم کی سپورٹ قیمت کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن کو گندم کی کاشت میں صوبہ بھر میں ٹاپ ڈویژن بنائیں گے۔کسانوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور15 روز بعد دوبارہ اجلاس منعقد کرکے ڈپٹی کمشنرز کو تفوض کردہ اہداف کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

ڈائریکٹر زراعت چوہدری خالد محمود نے اجلاس کو بریفنگ دی۔کسان بورڈ کے نمائندوں نے تجاویز پیش کیں۔چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز بھی اجلاس میں شریک تھے۔