کمیشن آن ایکریڈیشن فار ہائر ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنز کے وفد کا نسٹ کے سکول آف مکینیکل اینڈ مینوفیکچرنگ انجینئرنگ کا دورہ
کمیشن آن ایکریڈیشن فار ہائر ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنز کے وفد کا نسٹ کے سکول آف مکینیکل اینڈ مینوفیکچرنگ انجینئرنگ کا دورہ
اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):کوریا-پاکستان تعلیمی راہداری (کے پی ای سی) کے تحت کمیشن آن ایکریڈیشن فار ہائر ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنز کے وفد نےc(نسٹ) کے سکول آف مکینیکل اینڈ مینوفیکچرنگ انجینئرنگ (ایس ایم ایم ای)کا دورہ کیا اور باہمی تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے ایس ایم ایم ای کے پرنسپل اور سینئر فیکلٹی سے ملاقات کی جس میں دونوں جانب سے تعلیمی و تحقیقی شعبوں میں اشتراک کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔
ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ جدید سائنسی تحقیق، صنعتی جدت اور افرادی قوت کی تربیت کے لیے بین الاقوامی اشتراک ناگزیر ہے اور اس ضمن میں کورین جامعات کے ساتھ روابط کو مزید موثر بنایا جائے گا۔
اس موقع پر کوریا پاکستان ایجوکیشن کوریڈور کے تحت مشترکہ پروگرامز، طلبہ و اساتذہ کے تبادلے اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں کو وسعت دینے پر غور کیا گیا۔
فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس شراکت داری کو عملی شکل دے کر نہ صرف دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں کے درمیان تعلقات مضبوط کیے جائیں گے بلکہ پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بھی عالمی سطح پر ہم آہنگ کیا جائے گا۔
وفد کے ارکان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اشتراک پاکستان میں انجینئرنگ تعلیم اور تحقیق کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا جبکہ کورین جامعات کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق کے نئے در وا ہوں گے۔ کوریا-پاکستان تعلیمی راہداری ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے جو نہ صرف علمی تبادلے کو فروغ دے گا بلکہ صنعتی ترقی، اختراع اور اقتصادی استحکام میں بھی معاون ثابت ہوگا۔









