وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کوئی مسلم لیگ (ن) کو خیبر پختونخوا بالخصوص پشاور میں لاوارث نہ سمجھے، سیاست کا مطلب عوام کے درمیان موجود رہنا اور ان کے مسائل کو سمجھنا ہے، مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی خیبر پختونخوا کی تعمیر و ترقی کی روایت کو وزیراعظم محمد شہباز شریف آگے بڑھا رہے ہیں
کوئی مسلم لیگ (ن) کو خیبر پختونخوا بالخصوص پشاور میں لاوارث نہ سمجھے، سیاست کا مطلب عوام کے درمیان موجود رہنا اور ان کے مسائل کو سمجھنا ہے، عطاء اللہ تارڑ

مزید خبریں
پشاور ۔23ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کوئی مسلم لیگ (ن) کو خیبر پختونخوا بالخصوص پشاور میں لاوارث نہ سمجھے، سیاست کا مطلب عوام کے درمیان موجود رہنا اور ان کے مسائل کو سمجھنا ہے، مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی خیبر پختونخوا کی تعمیر و ترقی کی روایت کو وزیراعظم محمد شہباز شریف آگے بڑھا رہے ہیں، ایک طرف خیبر پختونخوا حکومت اسلام آباد کی طرف چڑھائی اور تباہی و بربادی کی سیاست کر رہی ہے جبکہ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) ریڈیو پاکستان کو بحال، کارکنوں سے رابطے اور صوبے میں مثبت سیاست کو فروغ دے رہی ہے، مسلم لیگ (ن)نے ٹک ٹاک اور سوشل میڈیا کی سیاست کی بجائے عوام کے درمیان رہ کر مثبت سیاست کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے رکن صوبائی اسمبلی جلال خان کے دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق گورنر پنجاب اقبال ظفر جھگڑا، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات و خیبر پختونخوا امور اختیار ولی خان، رکن صوبائی اسمبلی جلال خان، رکن صوبائی اسمبلی طارق خان، بلال خان، علی خادم یوسفزئی اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو غیور اور بہادر عوام کی سرزمین کے طور پر جانا جاتا ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے ہمیشہ خیبر پختونخوا کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے روایات قائم کی ہیں۔ لاہور، اسلام آباد موٹروے بنی ہے تو اسی طرح اسلام آباد، پشاور موٹروے بھی مسلم لیگ (ن) کے دور میں تعمیر ہوئی۔ دیگر صوبوں میں ہسپتال، کالجز، جامعات اور بجلی کے منصوبے مکمل کیے گئے تو خیبر پختونخوا میں بھی ایسے ہی ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی روایت کو وزیراعظم محمد شہباز شریف آگے بڑھا رہے ہیں، صوبے کے عوام کی ترقی کے لیے تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پنجاب میں قائم کیے گئے دانش سکولوں کی طرز پر اب خیبر پختونخوا میں بھی دانش سکول قائم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے لوگوں میں جھوٹ پھیلایا، ذہن سازی کی اور انہیں ایک جھوٹے بیانیے کے پیچھے لگایا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جلال خان کے سیاسی جلال سے خوفزدہ ہے۔جلال خان جب اسمبلی میں جلال کے ساتھ آتے ہیں تو ان کا انداز نمایاں ہوتا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ (ن) گزشتہ ساڑھے چودہ سال سے اپوزیشن میں ہے اس کے باوجود ہم نے ہمت نہیں ہاری۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکنوں کی ہمت، حوصلے اور جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں تاہم ہمت و حوصلے کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہمیشہ سر بلند رکھا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت خیبر پختونخوا کے عوام کو ان کا حق دینے اور مطلوبہ ترقیاتی کام کرنے میں ناکام رہی ہے۔
صوبے میں ترقی مسلم لیگ (ن) کے ادوار میں ہوئی۔ پی ٹی آئی کے لیے صوبے میں ترقیاتی اقدامات کرنا ممکن نہیں۔ وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی دفتر کا قیام اس امر کا عکاس ہے کہ پارٹی اپوزیشن میں رہتے ہوئے بھی سیاسی اور تنظیمی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ پارٹی دفاتر آباد ہوں گے تو سیاسی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، عوام اپنے مسائل بیان کر سکیں گے اور کارکنوں کو ایک پلیٹ فارم میسر آئے گا جس سے خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کی سیاسی سرگرمیاں مزید آگے بڑھیں گی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کو اپنے دورہ خیبر پختونخوا کے حوالے سے بریف کیا ہے ۔وزیراعظم اس بات پر خوش ہیں کہ ایک طرف خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے اسلام آباد کی طرف چڑھائی اور تباہی و بربادی کی کوششیں ہو رہی ہیں جبکہ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے ریڈیو پاکستان کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر کوہاٹ میں کارکنوں اور ساتھیوں سے ملاقاتیں کیں، اکوڑہ خٹک کا دورہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی مسلم لیگ (ن) کو خیبر پختونخوا میں خدمت کا موقع ملا، صوبے میں نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے میدان بنائے جائیں گے، نوجوانوں کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے، تعمیر و ترقی کا عمل آگے بڑھایا جائے گا، سکول، کالجز، ہسپتال اور یونیورسٹیاں قائم کی جائیں گی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ چودہ سال کے دوران خیبر پختونخوا کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومتیں صوبے میں خاطر خواہ ترقیاتی کام نہیں کر سکیں۔کوہاٹ اور ہنگو میں صورتحال خراب ہے جبکہ صوبائی حکومت کے ذمہ داران سوشل میڈیا پر ٹک ٹاک بنانے میں مصروف ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے ٹک ٹاک کی سیاست کے بجائے عوام کے درمیان رہنے کو ترجیح دی، میں نے پریس کلب کا دورہ کیا، صحافیوں سے ملاقاتیں کیں۔ ہم ہمیشہ عوام کے درمیان موجود رہے، شہدا کے گھروں میں گئے اور زخمیوں سے ملاقاتیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاست کا مطلب عوام کے درمیان رہنا اور ان کے مسائل کو سمجھنا ہے، محض سوشل میڈیا پر سرگرمیاں دکھانا سیاست نہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے خیبر پختونخوا میں منفی یا صرف سوشل میڈیا کی سیاست نہیں کی بلکہ اپنے لوگوں، بھائیوں اور ساتھیوں کے درمیان موجود رہ کر ان کی قربانیوں اور مشکلات کا ادراک کیا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ کوئی مسلم لیگ (ن) کو خیبر پختونخوا بالخصوص پشاور میں لاوارث نہ سمجھے، مسلم لیگ (ن) کے کارکن اور رہنما عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، سیاست کرنی ہے تو سیاسی میدان میں کی جائے اور مقابلہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور پشاور کے عوام کو بتایا جائے کہ گزشتہ ساڑھے چودہ برس کے دوران صوبے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے۔ پی ٹی آئی نے جن معاملات پر ماضی میں تنقید کی بعد ازاں انہی معاملات پر انہیں یوٹرن لینا پڑا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئندہ بھی خیبر پختونخوا آتے رہیں گے، کارکنوں اور ساتھیوں کے ساتھ بیٹھ کر ان کے مسائل اور ایشوز پر بات کریں گے۔ یہاں وزارت اطلاعات و نشریات سے متعلق معاملات، ریڈیو پاکستان، پاکستان ٹیلی ویژن اور ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کو بھی مزید فعال بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ انجینئر امیر مقام طبیعت کی خرابی کے باعث تقریب میں شرکت نہیں کر سکے۔ ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں، خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ (ن) میں بہت صلاحیت اور قوت موجود ہے، اس وقت سٹیج پر موجود قیادت کا ہر فرد سو افراد کے برابر ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ کارکن اپنی قیادت اور نمائندوں کے ساتھ کھڑے ہوں اور ان کی حوصلہ افزائی کریں۔







