کوہاٹ میں پرانی پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش حملہ، 17 افراد جاں بحق، 73 زخمی

کوہاٹ میں پرانی پولیس لائنز کی حدود میں واقع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 17 افراد جن میں پانچ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، جاں بحق جبکہ 73 افراد زخمی ہوگئے۔ڈسٹرکٹ ہسپتال کوہاٹ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر طاہر علی شاہ نے اے پی پی کو بتایا کہ پولیس لائنز دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی ہے جبکہ 73 …

کوہاٹ۔18ستمبر (اے پی پی):کوہاٹ میں پرانی پولیس لائنز کی حدود میں واقع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 17 افراد جن میں پانچ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، جاں بحق جبکہ 73 افراد زخمی ہوگئے۔ڈسٹرکٹ ہسپتال کوہاٹ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر طاہر علی شاہ نے اے پی پی کو بتایا کہ پولیس لائنز دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی ہے جبکہ 73 زخمیوں کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں سے 15 کی حالت تشویشناک ہے جنہیں پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا کے انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حامد نے میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بارودی مواد سے بھری گاڑی پرانی پولیس لائنز سے ٹکرائی، جس کے نتیجے میں مسجد منہدم ہوگئی۔ دھماکے کے بعد پولیس اور مسلح دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال احمد فیضی نے بتایا کہ دھماکہ تقریباً دوپہر ایک بج کر 15 منٹ پر اس وقت ہوا جب پرانی پولیس لائنز کی مسجد میں نماز جمعہ ادا کی جا رہی تھی۔

مرکزی پولیس دفتر پشاور کے ڈائریکٹر تعلقات عامہ عبدالسلام خالد نے اے پی پی کو بتایا کہ دہشت گردوں نے پرانی پولیس لائنز اور وہاں موجود نمازیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب بڑی تعداد میں نمازی نماز جمعہ ادا کر رہے تھے۔خیبر پختونخوا پولیس کے ترجمان کے مطابق مسجد میں دھماکے کے بعد تقریباً سات مسلح دہشت گردوں نے پولیس لائنز میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے حملہ آوروں کا مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

ترجمان نے بتایا کہ اب تک چھ دہشت گرد جن میں ایک خودکش بمبار اور ایک سنائپر بھی شامل ہے، ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ کلیئرنس آپریشن آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔دھماکے کے بعد ہنگو۔کوہاٹ روڈ ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی۔دھماکے کے نتیجے میں مسجد کو شدید نقصان پہنچا اور وہ منہدم ہوگئی۔ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں، پولیس حکام اور مقامی افراد نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا اور زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا۔