وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کوہاٹ پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے بزدلانہ دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
کوہاٹ پولیس لائنز مسجد دھماکا: وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی شدید مذمت، شہداء کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی

مزید خبریں
اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کوہاٹ پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے بزدلانہ دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے اپنے بیان میں کہا کہ نمازیوں کو مسجد جیسے مقدس مقام پر نشانہ بنانا انتہائی سفاکانہ اور انسانیت سوز فعل ہے۔ معصوم جانوں سے کھیلنے والے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور ایسے عناصر پاکستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کے اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
محمد حنیف عباسی نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے فورسز کی لازوال قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور شہداء کا لہو دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی عزم کو مزید جلا بخشتا ہے۔انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، غمزدہ خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل اور دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد و مکمل صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کی۔ وفاقی وزیر نے سوگوار خاندانوں سے دلی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔







