کُرم بارڈر پر افغان طالبان کی فتنہ الخوارج کی دراندازی کرانے کی کوشش ناکام، پاک فوج کا منہ توڑ جواب، افغان چوکیاں تباہ

پاک فوج نے 22 ستمبر کو کُرم سیکٹر میں افغان طالبان کی نگرانی میں ہونے والی فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔ دراندازی ناکام ہونے پر افغانستان کے صوبوں ننگرہار اور پکتیا میں موجود افغان طالبان کی سرحدی چوکیوں سے پاکستانی پوزیشنز پر مارٹرز اور بھاری ہتھیاروں سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔

ضلع کرم۔23ستمبر (اے پی پی):پاک فوج نے 22 ستمبر کو کُرم سیکٹر میں افغان طالبان کی نگرانی میں ہونے والی فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔ دراندازی ناکام ہونے پر افغانستان کے صوبوں ننگرہار اور پکتیا میں موجود افغان طالبان کی سرحدی چوکیوں سے پاکستانی پوزیشنز پر مارٹرز اور بھاری ہتھیاروں سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز نے جارحیت کا فوری، مؤثر اور شدید ردعمل دیتے ہوئے توپ خانے اور جدید ہتھیاروں سے افغان پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔ شدید جوابی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان کی متعدد چوکیاں، مارٹر پوزیشنز اور دفاعی مورچے تباہ ہو گئے جبکہ افغان اہلکار چوکیاں چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحدی حدود کی نگرانی سخت کر دی گئی ہے اور کسی بھی مزید مہم جوئی کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔