فیصل آباد۔ 17 فروری (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع چوہدری خالد محمودنے کہا ہے کہ کپاس ہماری ملکی معیشت کا اہم جز ہے اس کی اگیتی کاشت ہی زیادہ پیداوارکی ضمانت ہے۔ ایک ملاقات میں انہوں نے کہا کہ کپاس ہماری ملکی معیشت کا اہم جز ہے،یہ ہماری ٹیکسٹائل،جننگ انڈسٹری اور گھی بنانے والے کارخانوں کو خام مال مہیا کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کاشتکار ملکی مفاد کو …
کپاس کی اگیتی کاشت ہی زیادہ پیداوار کی ضمانت ہے،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 17 فروری (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع چوہدری خالد محمودنے کہا ہے کہ کپاس ہماری ملکی معیشت کا اہم جز ہے اس کی اگیتی کاشت ہی زیادہ پیداوارکی ضمانت ہے۔ ایک ملاقات میں انہوں نے کہا کہ کپاس ہماری ملکی معیشت کا اہم جز ہے،یہ ہماری ٹیکسٹائل،جننگ انڈسٹری اور گھی بنانے والے کارخانوں کو خام مال مہیا کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کاشتکار ملکی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کینولا،رایااور کماد کی برداشت کے بعد خالی ہونے والے رقبہ پر اگیتی کپاس کی کاشت کو ترجیح دیں اور زیادہ سے زیادہ رقبے پر کپاس کی فصل کاشت کریں۔
انہوں نے کہاکہ کپاس کی اگیتی کاشت موسمی کاشت سے زیادہ پیداوار دیتی ہے کیونکہ اس پر رس چوسنے والے کیڑوں کا حملہ کم ہوتا ہے اور درجہ حرارت نارمل ہونے کی وجہ سے پودے کی نشوونما اور بڑھوتری تیزی سے ہوتی ہے جس سے پیداوار اور کوالٹی بہتر ہوتی ہے۔کپاس کی اگیتی کاشت کیلئے موزوں ترین وقت15 فروری تا31 مارچ ہے۔ کپاس کی اگیتی کاشت کیلئے ٹرپل جین اقسام سی کے سی5،سی کے سی 6،حتف3،غوری2، اور آ ئی سی ایس386 موزوں ہیں۔
اگیتی کاشت پٹڑیوں پر کریں اور پودے سے پودے کا فاصلہ کم از کم ڈیڑھ تا دو فٹ اور قطار سے قطار کا فاصلہ ڈھائی فٹ رکھیں۔ شرح بیج4 تا 6 کلو گرام بر اترا بیج استعمال کریں۔ بوائی سے قبل بیج کو کیڑے مار اور پھپھوندی کش زہر لگائیں۔ انہوں نے بتایا کہ کپاس کی اگیتی کاشت کے لئے دو بوری ڈی اے پی،ڈھیڑ بوری ایس او پی اور سوا چار بوری یوریا فی ایکڑ کھاد کا استعمال کریں۔
بجائی کے بعد پہلا پانی تین سے چار دن بعد ضرور لگائیں تاکہ اگاؤ اچھا ھو سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع فیصل آباد میں کپاس کی اگیتی کاشت کے فروغ کیلئے31 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو کہ تمام چکوک میں جاکر کاشتکاروں کو کپاس کی اگیتی کاشت کے بارے میں تربیتی پروگرامز میں راہنمائی مہیا کریں گی اور کاشت کاری کے بارے میں آگاہی دیں گی۔








