کپاس کی برداشت کے جاری سیزن میں جننگ انڈسٹری میں پھُٹی کی آمد میں 27 فیصد سے زیادہ کا نمایاں اضافہ ہوا ہے
کپاس کی برداشت کے جاری سیزن میں جننگ انڈسٹری میں پھُٹی کی آمد میں 27 فیصد سے زیادہ کا نمایاں اضافہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):کپاس کی برداشت کے جاری سیزن میں جننگ انڈسٹری میں پھُٹی کی آمد میں 27 فیصد سے زیادہ کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے اعدادو شمار کے مطابق کپاس کی برداشت کے حالیہ سیزن میں 31 اگست 2026 تک جننگ انڈسٹری میں 16لاکھ 96ہزار 451 گانٹھیں وصول ہوئی ہیں جبکہ گزشتہ سیزن میں 31 اگست 2025 تک جننگ کی صنعتوں کو 13 لاکھ 35 ہزار 632 کپاس کی گانٹھیں وصول ہوئی تھیں۔ اس طرح گزشتہ سیزن کے مقابلہ میں کپاس کے جاری برداشت کے سیزن میں جننگ انڈسٹری کو کپاس کی وصولی میں 3لاکھ 60 ہزار 819 گانٹھوں کا یعنی 27.01 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ گیا گیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق صوبہ سندھ میں کپاس کی پیداوار گزشتہ سال کے مقابلہ میں 31 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور پیداوار 11لاکھ 39 ہزار 374 گانٹھوں تک بڑھ گئی جبکہ پنجاب کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 20 فیصد کی بڑھوتری ہوئی ہے اور پیداوار کا حجم 5 لاکھ 57 ہزار 97 گانٹھوں تک پہنچ گیا۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال 31 اگست 2026 تک ٹیکسٹائل کی مقامی صنعت کی روئی کی خریداری میں گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 34 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ٹیکسٹائل انڈسٹری نے رواں سیزن میں 9 لاکھ 75 ہزار روئی کی گانٹھوں کی خریداری کی ہے جبکہ برآمدکنندگان کی جانب سے 70 ہزار 600 گانٹھوں کی خریداری کی جا چکی ہے۔ واضح رہے کہ ملک میں جننگ کی صنعتوں کی تعداد 332 یونٹس ہے۔








