ڈائریکٹر نظامت زرعی اطلاعات فیصل آباد ڈاکٹر آصف علی نے کہا ہے کہ کپاس کی فصل پر حملہ آور ہونے والی سنڈیوں (کیٹرپلرز)کے بروقت تدارک کے لیے کاشتکار محکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل کریں تاکہ فصل کو نقصان سے بچایا جا سکے اور بہتر پیداوار حاصل ہو
کپاس کی فصل پر حملہ آور ہونے والی سنڈیوں کے بروقت تدارک کےلئے محکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل کریں،ڈاکٹر آصف علی

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 15 جولائی (اے پی پی):ڈائریکٹر نظامت زرعی اطلاعات فیصل آباد ڈاکٹر آصف علی نے کہا ہے کہ کپاس کی فصل پر حملہ آور ہونے والی سنڈیوں (کیٹرپلرز)کے بروقت تدارک کے لیے کاشتکار محکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل کریں تاکہ فصل کو نقصان سے بچایا جا سکے اور بہتر پیداوار حاصل ہو۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ا گر فی 100 پودوں میں 5 سنڈیاں پائی جائیں تو فوری طور پر سفارش کردہ زرعی زہروں کا مناسب استعمال کیا جائے، اس لئے کاشتکار باقاعدگی سے کھیتوں کی نگرانی کریں اور نقصان کی معاشی حد زیادہ ہونے سے پہلے ہی سپرے کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیلٹا میتھرین، بائی فینتھرین، ایمامیکٹن بینزوایٹ، لیوفینوران، انڈوکساکارب، کلورانٹرانیلی پروول اور دیگر منظور شدہ ادویات محکمہ زراعت کی تجویز کردہ مقدار کے مطابق استعمال کی جائیں تاکہ سنڈیوں کا مؤثر تدارک ممکن ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ زرعی زہروں کا غیر ضروری یا زیادہ مقدار میں استعمال نہ صرف فصل بلکہ ماحول اور مفید کیڑوں کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے، اس لیے صرف مستند زرعی ماہرین کی ہدایات اور محکمہ زراعت کی سفارشات کے مطابق سپرے کیا جائے۔ انہوں نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ معیاری اور رجسٹرڈ زرعی ادویات استعمال کریں، حفاظتی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی رہنمائی یا شکایت کی صورت میں محکمہ زراعت کی ہیلپ لائن یا قریبی زرعی دفتر سے رابطہ کریں تاکہ کپاس کی فصل کو سنڈیوں کے حملے سے محفوظ رکھتے ہوئے زیادہ اور معیاری پیداوار حاصل کی جا سکے۔








