کپاس کی فصل پر فال آرمی ورم کے ممکنہ حملے کا خدشہ، محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو بروقت حفاظتی اقدامات کی ہدایت

کپاس کی فصل کو فال آرمی ورم کے ممکنہ حملے سے محفوظ رکھنے کے لیے محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو فصل کی مسلسل نگرانی اور بروقت حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

فیصل آباد۔ 11 اگست (اے پی پی):کپاس کی فصل کو فال آرمی ورم کے ممکنہ حملے سے محفوظ رکھنے کے لیے محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو فصل کی مسلسل نگرانی اور بروقت حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ڈپٹی ڈئریکٹر زراعت توسیع عدیل احمدکے مطابق سازگار موسمی حالات میں کیڑے کی افزائش اور پھیلاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے، اس لیے کپاس کے کھیتوں کی باقاعدگی سے نگرانی انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ کپاس کی فصل کا ہفتے میں کم از کم دو مرتبہ باقاعدگی سے سکائوٹنگ کی جائے اور پودوں کے پتوں، نرم شاخوں اور دیگر متاثرہ حصوں کا بغور جائزہ لیا جائے۔

فال آرمی ورم یا اس کی سنڈی کی موجودگی کی صورت میں فوری طور پر محکمہ زراعت کے ماہرین سے مشورہ کرکے تدارکی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ فصل میں کیڑے کی موجودگی کی ابتدائی علامات کو نظر انداز کرنے سے نقصان میں اضافہ ہوسکتا ہے، اس لیے کاشتکار فصل کی نگرانی میں کسی قسم کی غفلت نہ برتیں۔ متاثرہ پودوں یا فصل کے حصوں پر بروقت کارروائی کرکے کیڑے کے مزید پھیلاؤ کو روکا جاسکتا ہے۔انہوں نے کاشتکاروں کو زرعی زہروں کے استعمال میں بھی خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی زرعی زہر کا استعمال محکمہ زراعت کے ماہرین کے مشورے اور متعلقہ زرعی زہر کے لیبل پر درج ہدایات کے مطابق کیا جائے۔

ایک ہی گروپ سے تعلق رکھنے والی زرعی ادویات کو مسلسل استعمال کرنے سے گریز کیا جائے تاکہ کیڑے میں زرعی زہروں کے خلاف مزاحمت پیدا نہ ہو۔زرعی ماہرین نے مزید کہا ہے کہ اگر فال آرمی ورم کا حملہ معاشی نقصان کی حد تک پہنچے تو سفارش کردہ زرعی زہر کا انتخاب فصل کی حالت، کیڑے کی موجودگی اور مقامی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے۔ سپرے کے لیے مناسب وقت کا انتخاب بھی ضروری ہے اور ترجیحاً صبح یا شام کے اوقات میں سپرے کیا جائے۔انہوں نے کاشتکاروں پر زور دیا ہے کہ کپاس کی فصل کو فال آرمی ورم سمیت دیگر نقصان دہ کیڑوں سے محفوظ رکھنے کے لیے باقاعدہ پیسٹ سکاؤٹنگ، بروقت تشخیص اور مربوط تدارکی حکمت عملی اختیار کریں۔

کاشتکار کسی بھی مشتبہ حملے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ محکمہ زراعت کے فیلڈ عملہ یا زرعی ماہرین سے رابطہ کریں تاکہ بروقت اور مؤثر رہنمائی حاصل کی جاسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ فصل کی بروقت نگرانی اور ماہرین کی سفارشات پر عملدرآمد سے فال آرمی ورم کے ممکنہ نقصان کو کم کیا جاسکتا ہے اور کپاس کی بہتر پیداوار کو یقینی بنانے میں مدد مل سکتی ہے

 

مزید خبریں