گارڈ گروپ کی جانب سے عظیم باکسر محمد علی کو ان کی دسویں برسی پر زبردست خراجِ عقیدت

گارڈ گروپ آف کمپنیز نے عالمی شہرت یافتہ باکسنگ لیجنڈ اور انسان دوست شخصیت محمد علی کی 10ویں برسی کے موقع پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی کھیل، انسانیت اور سماجی انصاف کے لیے خدمات کو سراہا ہے۔

لاہور۔5جون (اے پی پی):گارڈ گروپ آف کمپنیز نے عالمی شہرت یافتہ باکسنگ لیجنڈ اور انسان دوست شخصیت محمد علی کی 10ویں برسی کے موقع پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی کھیل، انسانیت اور سماجی انصاف کے لیے خدمات کو سراہا ہے۔ گارڈ گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک نے اپنے پیغام میں کہا کہ محمد علی محض ایک عظیم کھلاڑی نہیں بلکہ جرات، ایمان، عاجزی اور انسانیت کی خدمت کی علامت تھے۔ انہوں نے کہا کہ محمد علی نے اپنی غیر معمولی باکسنگ صلاحیتوں کے ذریعے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی، جبکہ انصاف، مساوات اور انسانی حقوق کے لیے ان کا دوٹوک موقف انہیں جدید دور کی بااثر ترین شخصیات میں شامل کرتا ہے۔

افتخار علی ملک نے کہا کہ محمد علی کی زندگی استقامت، عزم اور خدمتِ خلق کی روشن مثال ہے۔ ان کے افکار اور کردار آج بھی نوجوان نسل کو کامیابی کے حصول کے ساتھ ساتھ دیانتداری، ہمدردی اور انسانی وقار کے احترام کا درس دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گارڈ گروپ کو اس تاریخی موقع پر بھی فخر ہے جب محمد علی کے لاہور کے دورے کے دوران ان کے اعزاز میں ایک شاندار استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی تھی۔

یہ تقریب آج بھی گارڈ گروپ کی تاریخ کا ایک یادگار باب ہے اور اس بات کی عکاس ہے کہ پاکستان کے عوام عظیم باکسر سے کتنی محبت اور عقیدت رکھتے تھے۔ چیئرمین گارڈ گروپ نے محمد علی کے درجات کی بلندی اور ابدی سکون کے لیے دعا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی عظیم وراثت، انسان دوستی اور مثبت اقدار کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔