گرین ایگری مالز کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی، معیاری بیج، کھاد اور دیگر زرعی مصنوعات بروقت فراہم کر رہے ہیں،علی سفیان

اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):گرین پاکستان انیشیٹو کے تحت قائم کیے گئے گرین ایگری مالز جیسے جدید زرعی مراکز پاکستان کی زرعی معیشت میں ایک نئے اور سنہرے باب کا اضافہ کر رہے ہیں۔گرین ایگری مال کے سی ای او علی سفیان نے کہا ہے کہ گرین ایگری مالز کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی، معیاری بیج، کھاد اور دیگر زرعی مصنوعات بروقت فراہم کر رہے ہیں جس سے زرعی پیداوار …

اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):گرین پاکستان انیشیٹو کے تحت قائم کیے گئے گرین ایگری مالز جیسے جدید زرعی مراکز پاکستان کی زرعی معیشت میں ایک نئے اور سنہرے باب کا اضافہ کر رہے ہیں۔گرین ایگری مال کے سی ای او علی سفیان نے کہا ہے کہ گرین ایگری مالز کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی، معیاری بیج، کھاد اور دیگر زرعی مصنوعات بروقت فراہم کر رہے ہیں جس سے زرعی پیداوار اور کارکردگی میں بہتری متوقع ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان بھر میں اس وقت 40 سے زائد گرین ایگری مال سائٹس فعال ہیں جن کی تعداد رواں سال کے اختتام تک 100 سے تجاوز کر جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ گرین ایگری مال میں زرعی شعبے سے متعلق تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک ہی پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا گیا ہے تاکہ کسانوں کو مکمل سہولت ایک ہی جگہ میسر ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ فرٹیلائزر، کیڑے مار ادویات، ٹریکٹرز، جدید زرعی مشینری اور بینکنگ سہولیات بھی گرین ایگری مال کے پورٹ فولیو کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیاری اشیا اور خدمات کی بروقت اور مناسب قیمتوں پر فراہمی گرین ایگری مال کا بنیادی مقصد ہے۔

سینئر سیلز آفیسر ڈاکٹر تیمور قریشی نے کہا کہ گرین ایگری مال کے تحت کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کھادوں کے موثر اور درست استعمال کے طریقے بھی سکھائے جا رہے ہیں تاکہ زمین کی زرخیزی برقرار رکھتے ہوئے پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔

مقامی کسانوں کا کہنا ہے کہ گرین ایگری مالز کے ذریعے ادویات، کھاد اور زرعی مشینری مناسب قیمتوں پر اور بروقت دستیاب ہو رہی ہے جس سے کاشتکاری کے عمل میں آسانی پیدا ہوئی ہے۔ماہرین کے مطابق گرین پاکستان انیشیٹو کے تحت ایسے اقدامات زرعی ترقی، کسانوں کی فلاح اور دیہی معیشت کے استحکام کو نئی تقویت فراہم کر رہے ہیں۔