گرین ٹریکٹرز پروگرام کا مقصد زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت مظفرگڑھ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کسان دوست ویژن کے تحت گرین ٹریکٹرز پروگرام کے پہلے مرحلے میں 25 ہزار گرین ٹریکٹرز کی قرعہ اندازی کے بعد کامیاب کسانوں میں تقسیم کا عمل مکمل ہونے کے بعد اب مزید 10 ہزار گرین ٹریکٹرز کی فراہمی کے نئے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے

مظفرگڑھ۔ 20 اگست (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کسان دوست ویژن کے تحت گرین ٹریکٹرز پروگرام کے پہلے مرحلے میں 25 ہزار گرین ٹریکٹرز کی قرعہ اندازی کے بعد کامیاب کسانوں میں تقسیم کا عمل مکمل ہونے کے بعد اب مزید 10 ہزار گرین ٹریکٹرز کی فراہمی کے نئے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ نئے مرحلے میں 50 سے 65 ہارس پاور تک کے ٹریکٹرز کسانوں کو سبسڈی پر فراہم کیے جائیں گے، جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے فی ٹریکٹر 7 لاکھ 50 ہزار روپے تک کی سبسڈی دی جائے گی۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت مظفرگڑھ طاہر محمود بھٹی نے بتایا کہ گرین ٹریکٹرز پروگرام کا مقصد کسانوں کو جدید زرعی مشینری کے حصول میں سہولت فراہم کرنا، پیداواری لاگت میں کمی لانا اور زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے مرحلے میں ضلع مظفرگڑھ کے اہل کسان بھی مقررہ شرائط کے مطابق درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گرین ٹریکٹرز پروگرام میں زرعی زمین کی کم از کم 5 ایکڑ ملکیت رکھنے والے کسان اہل ہوں گے جبکہ درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 31 اگست 2026 مقرر کی گئی ہے۔ کسان پروگرام کی تفصیلات اور درخواست فارم محکمہ زراعت پنجاب کی آفیشل ویب سائٹ سے حاصل کر سکتے ہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت طاہر محمود بھٹی نے کہا کہ کسانوں کی رہنمائی اور سہولت کےلئے گرین ٹریکٹرز پروگرام کی معلومات حاصل کرنے کیلئے ہیلپ لائن 0800-17000 بھی فعال ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبائی حکومت کسانوں کو زرعی مشینری اور جدید سہولیات کی فراہمی کے ذریعے زرعی شعبے کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کےلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔