گرین پاکستان انیشیٹو کی بدولت بھکر میں بنجر رقبہ جدید زرعی و برآمدی مرکز میں تبدیل
گرین پاکستان انیشیٹو کی بدولت بھکر میں بنجر رقبہ جدید زرعی و برآمدی مرکز میں تبدیل

مزید خبریں
اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):گرین پاکستان انیشی ایٹو کے تحت زرعی شعبے میں جدت، برآمدات میں اضافے اور قومی خود کفالت کے حصول کی جانب مؤثر پیش رفت جاری ہے۔ اس قومی اقدام کے نتیجے میں ضلع بھکر کے وسیع بنجر رقبے کو جدید زرعی، تحقیقی اور برآمدی مرکز میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جو ملکی زرعی ترقی میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
منصوبے کے تحت جدید آبپاشی نظام، معیاری بیج، زرعی تحقیق، مکینائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ کم پیداواری زمین کو قابلِ کاشت بنا کر زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔گرین پاکستان انیشی ایٹو کے ذریعے نہ صرف زرعی شعبے کی استعداد میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کیے جا رہے ہیں۔
منصوبے کے تحت مقامی کسانوں کو جدید زرعی تربیت، تکنیکی معاونت اور بین الاقوامی معیار کے مطابق پیداوار کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ پاکستانی زرعی مصنوعات عالمی منڈیوں میں مؤثر انداز میں جگہ بنا سکیں۔
حکام کے مطابق بھکر میں شروع کیے گئے اس ماڈل منصوبے کا مقصد پاکستان کو زرعی خود کفالت کے ساتھ ساتھ زرعی برآمدات کے ایک مضبوط مرکز کے طور پر ابھارنا ہے۔
اس اقدام سے خوراک کی پیداوار، دیہی معیشت اور قومی برآمدات میں مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
گرین پاکستان انیشی ایٹو حکومتِ پاکستان کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت جدید زرعی اصلاحات، پائیدار ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے ذریعے ملکی معیشت کو مستحکم بنایا جا رہا ہے۔








