لاہور۔19جنوری (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کراچی کے مصروف تجارتی مرکز گل پلازہ میں ہونے والے ہولناک آتشزدگی کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کے لیے ایک بڑا انسانی اور معاشی سانحہ قرار دیا ہے۔لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ گل پلازہ میں آتشزدگی کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع، درجنوں افراد کے …
گل پلازہ میں ہولناک آتشزدگی سے ہونے والے جانی و مالی نقصان نے بزنس کمیونٹی کو سوگوار کر دیا ہے،فہیم الرحمن سہگل

مزید خبریں
لاہور۔19جنوری (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کراچی کے مصروف تجارتی مرکز گل پلازہ میں ہونے والے ہولناک آتشزدگی کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کے لیے ایک بڑا انسانی اور معاشی سانحہ قرار دیا ہے۔لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ گل پلازہ میں آتشزدگی کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع، درجنوں افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات اور سینکڑوں کاروباروں کا تباہ ہونا ایک انتہائی دلخراش واقعہ ہے جس نے پوری ملکی بزنس کمیونٹی کو سوگوار کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق درجنوں دکانیں مکمل طور پر جل چکی ہیں جبکہ سینکڑوں خاندانوں کا روزگار متاثر ہوا ہے، جو پہلے ہی مہنگائی اور معاشی دبائو کا شکار ہیں۔صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی اور صنعتی حب ہے اور اس نوعیت کے واقعات نہ صرف انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہیں بلکہ کاروباری اعتماد، سرمایہ کاری کے ماحول اور مارکیٹ کے تسلسل کو بھی شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ متاثرہ تاجروں، دکانداروں اور کاروباری افراد کو فوری، شفاف اور مکمل مالی معاوضہ دیا جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنے کاروبار کھڑے کر سکیں۔
لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ نے کہا کہ گل پلازہ جیسے بڑے تجارتی مراکز میں فائر سیفٹی انتظامات کا موثر نہ ہونا ایک سنجیدہ سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سانحے کی غیر جانبدار فرانزک تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جائے اور آئندہ ایسے واقعات سے بچا ئوکے لیے تمام کمرشل عمارتوں میں فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے تجارتی مراکز میں فائر آڈٹ اور ایمرجنسی رسپانس سسٹم کی بہتری وقت کی اہم ضرورت ہے۔
نائب صدر لاہور چیمبر خرم لودھی نے کہا کہ گل پلازہ کا واقعہ صرف کراچی یا سندھ کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے لیے ایک وارننگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ متاثرہ کاروباری طبقے کے لیے خصوصی ریلیف پیکج متعارف کرائے، جس میں بلا سود قرضے، ٹیکس میں رعایت، یوٹیلیٹی بلز میں سہولت اور کاروبار کی بحالی کے لیے فوری اقدامات شامل ہوں۔لاہور چیمبر کی قیادت نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری بزنس کمیونٹی متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔








