گندم بروقت كاشت كركے زیادہ پیداوار ممکن ،20 نومبرتک كاشت كا بہترین وقت ہے ، اے ڈی محکمہ زراعت سمبڑیال

سیالكوٹ۔ 11 نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ گندم بروقت كاشت كركے زیادہ پیداوار حاصل كی جاسكتی ہے ،20 نومبرتک كاشت كا بہترین وقت ہے ،ناگزیر وجوہات کی بنا پر اسے30 نومبر تک بھی کاشت کیا جاسکتا ہے ،پچھیتی کاشت ناگزیر ہوتوکاشتکار گندم کی مجوزہ اقسام کی بوائی 10 دسمبر تک مکمل کرلیں۔ ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی نے …

سیالكوٹ۔ 11 نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ گندم بروقت كاشت كركے زیادہ پیداوار حاصل كی جاسكتی ہے ،20 نومبرتک كاشت كا بہترین وقت ہے ،ناگزیر وجوہات کی بنا پر اسے30 نومبر تک بھی کاشت کیا جاسکتا ہے ،پچھیتی کاشت ناگزیر ہوتوکاشتکار گندم کی مجوزہ اقسام کی بوائی 10 دسمبر تک مکمل کرلیں۔ ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی نے منگل کو کاشتکاروں کے نام اپنے ایک پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ20 نومبر تک کاشت کےلئے شرح بیج40 سے45 کلو گرام ،10 دسمبر تک کاشت کےلئے 50 کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ ہماری گندم کی ایوریج ہمارے ہمسایہ ملک سے زائد ہے جس میں مزید اضافے کی گنجائش بھی موجود ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گندم کی کاشت میں کھادیں محکمہ زراعت کے مشورے سے استعمال کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کی جاسکے اور مختلف کھادوں کے بے جا استعمال سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بھی بچا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ کھادوں کا بروقت اور صحیح استعمال کریں تاکہ فصل پر اچھے اثرات مرتب ہوسکیں، محکمہ زراعت کی ہدایات پر عمل کریں اور تصدیق شدہ زہروں کا ہی سپرے کریں۔