فیصل آباد میں گندم خریداری مہم کی رفتار تیز کر دی گئی ہے اور اب تک ضلع بھر کے مختلف خریداری مراکز کے ذریعے 9 ہزار 379 میٹرک ٹن سے زائد گندم خرید کی جا چکی ہے
گندم خریداری مہم میں تیزی، فیصل آباد میں 9379 میٹرک ٹن سے زائد گندم کی خرید لی گئی، ترجمان محکمہ خوراک

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 23 جون (اے پی پی):فیصل آباد میں گندم خریداری مہم کی رفتار تیز کر دی گئی ہے اور اب تک ضلع بھر کے مختلف خریداری مراکز کے ذریعے 9 ہزار 379 میٹرک ٹن سے زائد گندم خرید کی جا چکی ہے اور اس سلسلہ میں جڑانوالہ اور ماموں کانجن کے خریداری مراکز کارکردگی کے اعتبار سے نمایاں رہے ہیں۔محکمہ خوراک کے ترجمان نے بتایا ضلع فیصل آباد کے لیے گندم خریداری کا نظرثانی شدہ ہدف 31 ہزار میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے جس کے مقابلے میں اب تک مجموعی طور پر 9379.13 میٹرک ٹن گندم خرید کی جا چکی ہے جو مجموعی ہدف کا 30.26 فیصد بنتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خریداری مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام مراکز پر سہولیات کی فراہمی اور کسانوں کے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ کاشتکار سرکاری خریداری نظام سے استفادہ کر سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ اعداد و شمار کے مطابق ضلع بھر کے خریداری مراکز میں مجموعی طور پر 37608.7 میٹرک ٹن گندم خریدنے کے مساوی باردانہ دستیاب ہے جبکہ اب تک 6763.3 میٹرک ٹن کے مساوی باردانہ جاری کیا جا چکا ہے جو مجموعی ہدف کا 21.82 فیصد بنتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ باردانہ کی وافر دستیابی اس امر کی واضح ضمانت ہے کہ کسانوں کو اپنی پیداوار کی فروخت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جڑانوالہ میں قائم ایل ڈی سی مرکز نے 5 ہزار میٹرک ٹن کے ہدف کے مقابلے میں 3580.47 میٹرک ٹن گندم خرید کی ہے جو ہدف کا 71.61 فیصد بنتا ہے۔ فیصد کے اعتبار سے یہ ضلع کا سب سے کامیاب مرکز قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ جڑانوالہ کے گردونواح میں گندم کی بہتر پیداوار اور کسانوں کا سرکاری خریداری عمل پر اعتماد اس نمایاں کارکردگی کی بنیادی وجوہات ہیں۔
تاہم ماموں کانجن میں قائم ایل ڈی سی مرکز نے خریداری کے لحاظ سے سب سے زیادہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا جہاں 10 ہزار میٹرک ٹن کے ہدف کے مقابلے میں 4125.95 میٹرک ٹن گندم خرید کی گئی۔ اس طرح مرکز نے اپنے ہدف کا 41.26 فیصد حاصل کر لیا جو ضلع کے نمایاں نتائج میں شمار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تاندلیانوالہ مرکز نے 4 ہزار میٹرک ٹن کے ہدف کے مقابلے میں 715.32 میٹرک ٹن گندم خرید کی جبکہ سمندری مرکز پر 469.69 میٹرک ٹن گندم وصول کی گئی۔ اسی طرح بچیانہ مرکز پر 249.04 میٹرک ٹن، کنجوانی میں 128.72 میٹرک ٹن اور جھوک دتہ مرکز پر 109.93 میٹرک ٹن گندم خرید کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ ان مراکز پر بھی گندم کی آمد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور آئندہ دنوں میں خریداری کے اعداد و شمار مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ گندم خریداری مہم کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ باردانہ کی منصفانہ تقسیم، شفاف خریداری اور کاشتکاروں کو بروقت ادائیگیوں کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح کسانوں کو ان کی محنت کا مناسب معاوضہ فراہم کرنا اور قومی غذائی ضروریات کے لیے گندم کے وافر ذخائر کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے بتایا کہ منڈی میں گندم کی قیمت 3800 سے3900 روپے فی 40 کلوگرام کے درمیان برقرار ہے جس کے باعث کسانوں کو اپنی پیداوار کے لیے مناسب مارکیٹ میسر آ رہی ہے۔ تاہم انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ ہفتوں کے دوران گندم خریداری کی رفتار میں مزید اضافہ ہوگا اور ضلع فیصل آباد اپنے مقررہ ہدف کے حصول کی جانب نمایاں پیش رفت کرے گا۔








