گندم کے کاشتکاروں کو یکم سے 20 نومبر تک شرح بیج 40 کلو، 30 نومبر تک 45 کلو فی ایکڑ رکھنے کی ہدایت

فیصل آباد ۔ 04 نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت کی جانب سے گندم کے کاشتکاروں کو یکم سے 20 نومبر تک گندم کی بروقت کاشت کیلئے شرح بیج 40 کلوگرام،21 سے 30 نومبر تک پچھیتی کاشت کیلئے شرح بیج 45 کلو فی ایکڑ اور یکم سے 10 دسمبر تک انتہائی پچھیتی کاشت کیلئے شرح بیج 50 کلو گرام فی ایکڑ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے …

فیصل آباد ۔ 04 نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت کی جانب سے گندم کے کاشتکاروں کو یکم سے 20 نومبر تک گندم کی بروقت کاشت کیلئے شرح بیج 40 کلوگرام،21 سے 30 نومبر تک پچھیتی کاشت کیلئے شرح بیج 45 کلو فی ایکڑ اور یکم سے 10 دسمبر تک انتہائی پچھیتی کاشت کیلئے شرح بیج 50 کلو گرام فی ایکڑ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ کاشتکار بروقت گندم کی کاشت یقینی بنائیں جس کیلئے بیج کے اگاؤ کی شرح 85 فیصد سے زائد ہونی چاہئے۔ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھر کے تمام آبپاش علاقوں میں گندم کی کاشت شروع ہو چکی ہے جبکہ مقررہ رقبہ پر گندم کاشت کر کے بہترین پیداوار کے حصول کیلئے تما م انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تمام آبپاش علاقوں میں ترقی دادہ منظور شدہ اقسام دلکش20،عروج22، سویرا24، فلک 24، فخر بھکر 17، بورلاگ 16، چیمپین 24، مرکز19،ایم اے 21، ایم ایچ21، نشان 21، اکبر19، نواب21، رہبر21، فیصل آباد 2008، این اے آر سی سپر،لاثانی 2008، معراج 2008، فرید 2006، شفق 2006، گلیکسی 2013،اجالا 2016، جوہر 2016، بور لاگ 2016،گولڈ2016،این این گندم ون،زنکول، اناج 2017،فخروغیرہ، تمام بارانی علاقوں کیلئے چکوال 50، این اے آر سی 2009، بارس 2009، دھرابی 2011، پاکستان 2013، احسان 2016، فتح جنگ 2016 و غیرہ کی منظورشدہ اقسام کی منظوری دی گئی ہے لہٰذا کاشتکار مذکورہ اقسا م کی کاشت کو ترجیح دیں تاہم پنجاب کے آبپاش علاقوں میں سحر 2006 بھی کاشت کی جاسکتی ہے مگر چونکہ یہ فصل بیماری سے متاثر ہوسکتی ہے اسلئے اسے کم سے کم رقبہ پر کاشت کرناچاہیے۔

انہوں نے بتایاکہ یکم نومبر سے لے کر20 نومبر تک کے ایام گندم کی کاشت کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اسلئے ان ایام میں کسی غفلت، کوتاہی، سستی، لاپرواہی کامظاہرہ نہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ بیماری سے پاک تصدیق شدہ، صحت مند بیج زہر لگاکر بذریعہ ڈرل کاشت کریں تاکہ بہترپیداوار اور بمپر کراپ حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔ انہوں نے بتایا فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت تمام اضلاع کیلئے مقرر کردہ گندم کی کاشت کا ہدف ہر حال میں مکمل کرنے کیلئے ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور تمام زراعت افسران سمیت فیلڈسٹاف سے کہاگیاہے کہ وہ ہمہ وقت کاشتکاروں، کسانوں، زمینداروں کی رہنمائی یقینی بنائیں تاکہ وہ بروقت اور مناسب طریقے سے20 نومبر تک گندم کی کاشت کے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں محکمہ زراعت کی جانب سے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور وسیع پیمانے پر تشہیری مہم کا بھی آغاز کردیاگیاہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے فیصل آبادسمیت تمام اضلاع کے محکمہ زراعت کے حکام کو سختی سے ہدائت کی ہے کہ وہ زمینداروں، کاشتکاروں،کسانوں کو زیادہ سے زیادہ رقبہ پر گندم کی کاشت پر آمادہ کرنے سمیت انہیں تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ یکم نومبر سے شروع ہونے والی بوائی کی مہم کو بھر پور طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے بتایاکہ کسانوں کو زیادہ گندم اگانے کی جانب راغب کرنے کیلئے بھر پور طریقے سے مہم جاری ہے اور کاشتکاروں کو گندم کی بہترین اقسام اور اس کی کاشت کے طریقوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ محکمہ زراعت مقررہ ا ہداف کے حصول کیلئے تما م وسائل بروئے کار لا ئے گا اور ہدف سے بھی بڑھ کر گندم کی کاشت کیلئے جدو جہد کی جائے گی۔