گندم کے کاشتکار بجائی کے وقت متوازن کھادوں کا استعمال کریں اور پیداوار میں اضافہ کریں، ڈاکٹر افتخار حسین

اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع سمبڑیال ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی نے کہا ہے کہ گندم کے کاشتکار بجائی کے وقت متوازن کھادوں کا استعمال کریں اور پیداوار میں اضافہ کریں۔

سیالکوٹ ۔ 06 اکتوبر (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع سمبڑیال ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی نے کہا ہے کہ گندم کے کاشتکار بجائی کے وقت متوازن کھادوں کا استعمال کریں اور پیداوار میں اضافہ کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گندم کے کاشتکاروں کے نام اپنے ایک پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ کسان گندم کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے بجائی کے وقت زمین میں فاسفورس اور پوٹشیم والی کھادیں استعمال کریں ان دونوں کھادوں کے گندم کی فصل کیلئے بہت سارے فائدے ہیں ،یہ کھادیں گندم کی جڑوں کے نظام کو مضبوط کرتی ہیں۔

پودوں میں قوت مدافعت بڑھاتی ہیں، سٹوں کی تعداد میں اضافہ کرتی ہیں،سٹوں میں دانوں کی بھرائی اچھی کرتی ہیں اور سٹوں میں دانوں کی تعداد کو بھی بڑھاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھادوں کے صحیح اور بروقت استعمال کیلئے محکمہ زراعت سے رابطہ کریں یا ویب سائٹ پر کال کرکے استفادہ حاصل کریں تاکہ زیادہ منافع حاصل کیا جاسکے۔